اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی چیف کمشنر اسلام آباد سے ملاقات

تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ،چیف کمشنر اسلام آباد

پیر 12 نومبر 2018 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں عامر علی احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کو چیف کمیشنر اسلام آباد تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، چیئرمین فائونڈر گروپ زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، محمد نوید ملک، خالد چوہدری، اشفاق حسین چھٹہ، مرزا محمد علی، طاہر عباسی، محمد حسین، راجہ عبدالمجید اور نثار احمد مرزا شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے عامر علی احمد نے کہا کہ تاجروصنعتکار برادری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا مقامی انتظامیہ ان کے تمام اہم مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمبر کی مشاورت سے مارکیٹوں ، تجارتی مراکز اور صنعتی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ تاجر برادری صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو سہولت کے ساتھ فروغ دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ مل جل کر شہر کی بہتر ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے تمام اجاگر کردہ مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور ان کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے اپنے خطاب میں تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل سے چیف کمیشنر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عامر علی احمد نے بطور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد اور ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے تاجر برادی کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے ا ور اس امید کا اظہار کیا کہ بطور چیف کمیشنر وہ تاجروصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور انڈسٹریل ڈیپارٹمنٹ سمیت متعدد ادارے چیف کمیشنر کے ماتحت کام کر رہے ہیں لہذا تاجر برادری کے ان اداروں سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں مقامی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں پرامن ماحول کے قیام کی کوششوں میں تاجر برادری مقامی انتظامیہ کے ستھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور چیف کمیشنر اسلام آباد کو مفید تجاویز پیش کیں۔