مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کا بازوئے شمشیر زن ہے ،سردار عتیق احمدخان

تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کیا جائے گا، سابق وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 18:30

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کا بازوئے شمشیر زن ہے ۔ تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کیا جائے گا وہ گزشتہ روز یہاں مسلم کانفرنس میرپورکے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ ن ، پی پی پی اور پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا ‘صدر مسلم کانفرنس نے مسلم کانفرنس میں شامل ہونیوالوں کو مبارک باد دی ۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت تاریخ ساز قربانیاں دے رہے ہیں ۔ کشمیر نوجوانوں نے پتھر کے ذریعے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت پوری قوت کے استعمال کے باوجود تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی بانی جماعت ہے ۔ اس جماعت نے ہر دور میں اتار چڑھائو کا سامنا کیا ہے مگر اس جماعت کاکردار تحریک سے ختم نہیں کیا جاسکا۔ آزاد کشمیر حکومت کو بااختیار بنانے میں اس جماعت کے قائدین کا کردار اہم رہا ہے ۔ اس حقیقت کا اعتراف مخالفین بھی کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وقتی ابال کے نتیجے میں قائم جماعتیں جھاگ کی طرح بیٹھ جائیں گی ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر مسلم کانفرنس کا پیغام پہنچائیں اور عوام کو احساس لائیں کہ مسلم کانفرنس میں ان کے حقوق کا تحفظ اور تشخص کی پہرہ داری کرسکتی ہے ۔ اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی قیوم قمر ، شکور مغل ودیگر مسلم کانفرنسی رہنمائوں نے خطاب کیا ۔