Live Updates

وفاقی حکومت کا میڈیا کوبقایا جات کی فوری ادائیگی کا اعلان

میڈیا اشتہارات میں سیاسی مداخلت ختم کررہے ہیں، اشتہارات پرسرکاری کنٹرول نہیں ہوگا،میڈیا نمائندوں کی نوکریوں کا تحفظ کریں گے۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 نومبر 2018 18:35

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) وفاقی حکومت نے میڈیا کوبقایا جات دینے کا اعلان کردیا ہے، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ اشتہارات میں سیاسی پالیسی ختم کررہے ہیں، اشتہارات پرسرکاری کنٹرول نہیں ہوگا، میڈیا نمائندوں کی نوکریوں کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے میڈیا کے بقایا جات کو فوری ریلیز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا سے لوگوں کونکالا جارہا ہے۔ ہم نے لوگوں کو روزگار دینے کی بات کی تھی اس لیے ہم میڈیا کے بقایا جات دے رہے ہیں۔ پچھلی حکومت نے جس طرح اشتہارات کو اپنے سیاسی ٹول کیلئے استعمال کیا ہم وہ نہیں کریں گے۔ہم اشتہارات کو میرٹ پر دیں گے۔

(جاری ہے)

اشتہارات دینے کے معاملے پرتوازن قائم کریں گے۔ تاہم اب ہم اشتہارات سرکاری کنٹرول میں نہیں ہوں گے بلکہ ان کا ایک طریقہ کار بنایا جائے گا۔

پچھلی حکومتوں کی پالیسی سے میڈیا انڈسٹری متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے میڈیا ورکرز کی نوکریوں کا تحفظ کریں گے۔ہم صحافیوں کے کندھے سے کندھا ملا کرکھڑے ہیں۔ دریں اثناں گزشتہ روز وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا تھا ہم نے ریاستی اداروں سے سنسر شپ ختم کی اور اس وقت پاکستان ٹیلی ویژن پر حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیا جا رہے ہے۔

اشتہارات سے حکومت کی مناپلی ختم کر رہے ہیں اور آزادی صحافت تب تک نہیں ہوسکتی جب تک حکومتی مناپلی ختم نہ ہو۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای اس پر کام کر رہے ہیں کہ اداروں کو اشتہارات کس طرح دیئے جائیں ۔ گزشتہ حکومت نے اشتہارات کو جس طرح کرپشن اور ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیا کوئی مہذب ریاست اس کی اجازت نہیں دے سکتی۔اگر ہم اس طرح کی کرپشن پر اسمبلی میں بات کریں تو ہمیں برا کہا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں مختلف شہروں میں حکومتی اشتہارات کے ریٹ میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ لاہور میں جو اشتہار 70ہزار روپے میں دیا جا رہا تھا وہی اشتہار راجن پور میں 2400روپے میں تھا۔ کوئی ملک 41 ارب روپے کے اشتہارات کیسے دے سکتا ہے یہ پچھلی حکومت ہی بتا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی ایک میڈیا میں ایک کلائنٹ کی حیثیت رکھتی ہے اور اشتہارات کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتے جس طرح ماضی کی حکومتوں نے ذاتی تشہیر اور اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بے دریغ استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے کہ میڈیا ترقی کرے ‘سرکاری میڈیا فعال ہواور ورکر کو تحفظ ملے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت میں جتنے محکمے آتے ہیں ان میں اگر میں اپنے حلقہ کے لوگوں کو بھرتی کرنا شروع کر دوں تو آئندہ 10سال تک کوئی نہیں ہرا سکتا لیکن ادارے تباہ ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روایتی میڈیا ڈیجٹل میڈیا میں تبدیل ہو رہا ہے۔

گزشتہ دنوں آنے والی ٹیکنالوجی اب ختم ہو کر نئی ٹیکنالوجی میں تبدیل ہو چکی ہے اور اب موبائل فون ہی سب کچھ ہے اس لئے ہم میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو لے کر آ رہے ہیں تاکہ تمام مسائل کا حل ایک ہی جگہ مہیا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دینی چاہئے کیونکہ یورپی میڈیا کی اپنی پالیسیاں ہیں جبکہ ہماری پالیسیاں اپنی ہونی چاہئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات