فواد چودھری جیب کتروں سے پیسے وصول کرتے ہیں،سینیٹرمشاہد اللہ

بہت بارجہلم سے پتہ کروانے پرمعلوم ہوا کہ فواد چوہدری نہ چور ہیں، نہ ڈاکو نہ بھتہ خور، البتہ تمام چوروں ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کا ماہانہ اجلاس ان کے گھر میں ہوتا ہے۔ سینیٹ میں اظہار خیال

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ پیر نومبر 18:44

فواد چودھری جیب کتروں سے پیسے وصول کرتے ہیں،سینیٹرمشاہد اللہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ فواد چودھری جیب کتروں سے پیسے وصول کرتے ہیں، بہت بار جہلم سے پتہ کروانے پر معلوم ہوا کہ فواد چوہدری نہ چور ہیں، نہ ڈاکو نہ بھتہ خور، البتہ تمام چوروں ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کا ماہانہ اجلاس ان کے گھر میں ہوتا ہے۔

انہوں نے آج سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خود کو عقلمند سمجھتی ہے۔ آپ نے تحریک انصاف والوں سے بہت بار سنا ہوگا کہ یہ جنون ہے اور سارے لوگ جنونی ہیں جب تک آپ اپوزیشن میں تھے یہ چل جاتا تھا لیکن حکومت کا تعلق جنون سے ہوتا ہی نہیں اس کا تعلق تو عقل اور دانش سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال آپ نہیں ہم کریں گے آپ جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت کا کام جواب دینا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ابھی زوال شروع ہوگیا ہے۔آج ایوان میں اسرائیل کوتسلیم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ایسے بھکاری ہیں کہ اعلان کرکے جاتے ہیں اب وہاں بھیک مانگنے جائیں گے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مظاہرہ کرنے والوں سے معاہدہ کرنا پڑا۔ کل تک دھرنے والے ان کے دوست تھے آج دشمن ہیں۔

کہتے ہیں تین روز کے دھرنے سے اربوں کا نقصان ہوگیا۔ تین دن کے حالیہ دھرنے سے150ارب کانقصان ہوا۔ حکومت اس نقصان کو126دن کے دھرنے سے ضرب کیوں نہیں دیتی ؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے یوٹر ن لینے میں ماہر ہیں۔ لیکن بڑی جگہوں پر یوٹرن نہیں چلتا۔عمران خان ہرہفتے ایوان میں قوم کوجواب دے گا۔ لیکن عمران خان ایک بھی بار قومی اسمبلی یا سینیٹ میں جواب دینے نہیں آئے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت سے پوچھیں کہ جہانگیرترین اور علیم خان کی آف شور کمپنیاں ، علیمہ خان کے فلیٹس بات ہی نہیں کرتے۔آسیہ کی بات کریں توجواب نہیں دیتے۔ احتساب ضرور کریں مگرمخصوص لوگوں کا نہ کریں۔ اسرائیل کا طیارہ آ کرچلا گیا۔ پاناما میں 456 افراد کا نام آیا، کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری سب کوچورڈاکو قراردیتے ہیں۔

فواد چودھری بازنہیں آئے وہ کل بھی لگے ہوئے تھے اورآج بھی لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فواد چودھری جیب کتروں سے پیسے وصول کرتے ہیں۔ بہت بار جہلم سے پتہ کروانے پر معلوم ہوا کہ فواد چوہدری صاحب نہ چور ہیں نہ ڈاکو نہ بھتہ خور البتہ تمام چوروں ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کا ماہانہ اجلاس انکے گھر میں ہوتا ہے۔ مشاہداللہ کے اظہارخیال کے دوران حکومتی اراکین نے شورشرابہ کیا جس پر مشاہد اللہ نے کہا کہ ابھی آپ ان کی چھلانگیں دیکھیں گے۔ ان کی شکل دیکھیں یہ مجھے سمجھائیں گے۔