گائو کدل قتل عام، انسانی حقوق کمیشن نے ایس ایس پی سرینگر کو طلب کرلیا

پیر 12 نومبر 2018 21:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کمیشن نے سرینگر کے سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس کو گائو کدل قتل عام کے حوالے سے درج کیس کی تازہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نی21جنوری 1990ء کو سرینگر کے علاقے گائو کدل میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے 50سے زائدافراد کو شہیداورسینکڑوں کو زخمی کیا تھا۔

(جاری ہے)

کمیشن نے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو کی درخواست پر ایس ایس پی سرینگر کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔کمیشن نے ایس ایس پی کو 28نومبر کو کیس کی تازہ صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کے لیے ذاتی طورپرطلب کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مظاہرین پر فائرنگ کرنے والے یونٹ کی شناخت کرلی ہے۔ درخواست گزارکے مطابق شہیدہونے والے افراد کے اہلخانہ کو ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیاکیونکہ پولیس ان کی نشاندہی کرنے میں ناکام ہوئی ہے اور کہہ رہی ہے کہ وہ دیگر علاقوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ درخواست گزارنے امید ظاہر کی کہ پولیس 28نومبر کو اپنی رپورٹ میںقتل عام میں ملوث فورسز اہلکاروں کے نام پیش کرے گی۔