احتساب عدالت نے محمد نواز شریف کیخلاف دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل ) تک ملتوی کر دی

پیر 12 نومبر 2018 21:33

احتساب عدالت نے محمد نواز شریف کیخلاف دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل )منگل تک ملتوی کر دی ۔ملزم محمد نواز شریف کا 342 کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے محمد نواز شریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی۔

اس موقع پر محمد نواز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے لیکن ان کا 342 کا بیان قلمبند نہ ہو سکا۔ سماعت کے دوران فاضل جج محمد ارشد ملک کے استفسار پر وکیل صفائی خواجہ حارث نے بتایا کہ محمد نواز شریف بیان دینے کیلئے تیار نہیں، آج تفتیشی افسر پر جرح کر لیتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ ہم پچھلے بیان پر بھی کچھ اعتراضات ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ اعتراضات اگر لکھے ہوئے ہیں تو دے دیں ورنہ علیحدہ سے لکھواکر حصہ بنا لیتے ہیں۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ تفتیشی آفیسر پر جرح شروع ہوئی تو فاضل جج نے خواجہ حارث کو صرف متعلقہ سوالات کرنے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر نے بھی اعتراض کیا کہ گواہ قانونی ماہر نہیں اسلئے قانونی نوعیت کے سوالات نہ پوچھے جائیں۔

تفتیشی آفسیر محمد کامران نے بتایا کہ 29 اگست 2017 کو اپنی تفتیش مکمل کر لی، میری ہی تفتیش کی بنیاد پر ریفرنس فائل کیا گیا، 27 جولائی 2017 کو یوکی(uk) سینٹرل اتھارٹی کو بھیجے گئے دو ایم ایل اے میں سے ایک میری تحقیقات سے متعلقہ تھا،جس میں نیلسن، نیسکول اور کومبر گروپ سے متعلق بھی معلومات مانگی گئیں، ایم ایل اے میں حسن نواز کی طرف سے جے آئی ٹی کو بتائے گئے سلوسٹر کا نام درج ہے جو کمپنیوں کے معاملات دیکھتے تھے، لیکن کمپنیوں کے نام درج نہیں۔

سماعت کے دوران خواجہ حارث نے کہا کہ میں گواہ سے سوال کرتا ہوں جواب کیلئے چار چار لوگ مدد کر رہے ہیں۔فاضل جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ گواہ جو بات کہہ رہا ہے اسے ریکارڈ پر آنا چاہیے، گواہ کی جو بات سمجھ میں آئی وہ لکھوا دی، اس میں مدد کرنے والی کوئی بات نہیں۔ خواجہ حارث نے کہاکہ میں شکایت نہیں کر رہا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت (آج )منگل تک ملتوی کردی۔(آج) منگل کو بھی خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ محمد کامران پر جرح جاری رکھیں گے۔