پارکوں میں قائم تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کیلئے آپریشن شروع کیا جائے ،میئرکراچی

تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ ان پارکوں میں تجارتی سرگرمیوں کو ختم کیا جاسکے، وسیم اخترکا اجلاس سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 21:47

پارکوں میں قائم تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کیلئے آپریشن شروع کیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے پارکوں میں قائم تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولتیں میسر آسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارکوں سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کے لئے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی نے کہا کہ ہل پارک، جھیل پارک، عزیز بھٹی پارک، کڈنی ہل پارک، باغ ابن قاسم اور دیگر پارکوں میں تعمیرات کو بھی فوراً ختم کیا جائے، سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق پارکوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ ان پارکوں میں تجارتی سرگرمیوں کو ختم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جن علاقوں سے تجاوزات کو صاف کیا گیا ہے وہ دوبارہ تعمیر نہ ہوںاس کے لئے ویجی لینس ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو روزانہ کی بنیاد پر ان جگہوں اور شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کریں، انہوں نے ہدایت کی کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف ملبہ کے ہٹانے کے کام کو تیز کیا جائے اور مارکیٹ کو اصل ماسٹر پلان کے مطابق بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور کام شروع کیا جائے تاکہ علاقے میں جلد از جلد صفائی کا کام مکمل ہوسکے اور دوسرے فیز میں ترقیاتی کام شروع کئے جاسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں بلا امتیاز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، قابضین ازخود جگہوں کو خالی کرلیں تاکہ کسی نقصان سے بچ سکیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے تمام پارکوں، اسپورٹس کمپلیکس، کھیل کے میدانوں اور 108 سڑکوں سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رکھے گی، انہوں نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ بلاتخصیص کام کو جاری رکھا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کو بے روزگار کرنا نہیں مگر شہر کی ترقی اور خوبصورتی کی خاطر سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں قابضین سے زمین خالی کرانا ہماری ذمہ داری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس پر کام جاری رکھے گی، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں پرانی عمارتوں کو محفوظ کیا جاتا ہے مگر کراچی میں قدیم عمارتوں کی صورتحال نہ قابل بیان ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ صدر کراچی کا دل ہے ، صدر جتنا زیادہ خوبصورت اور صاف ستھرا ہوگا کراچی کا سافٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا ہمیں مل کر اپنے شہر کو خوبصورت بنانا ہے اس کے لئے ہم سب کام کر رہے ہیں۔