مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں ’’چھوٹے کاروبار کاعالمی ہفتہ ‘‘ شروع

پیر 12 نومبر 2018 21:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) چھوٹے کاروبارکو فروغ دینے کے حوالے سے مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ سینٹر(آئی ای سی) کی جانب سے ’’چھوٹے کاروبار کاعالمی ہفتہ ‘‘ شروع ہو گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حضرات کو نئے خیالات اور تصورات کے لئے روایتی سوچ اور دائروں سے باہر نکلنا چاہیے، ایک دور ایگفا، فیوجی اور کوڈک فوٹو کمپنیوں کا تھا پر آج ان کا نا م و نشان نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کمپنیاں وقت کے ساتھ آگے نہ بڑھیں اس لئے ختم ہو گئیں، اسی طرح دنیا میں اب تدریسی شعبہ جات بھی سکڑ رہے ہیں اور نئے شعبہ جات سامنے آ رہے ہیں، جامعہ مہران کو اب انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ جات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چھوٹی کاروباری سرگرمیوں کے لئے تخلیقی اذہان کی ضرورت ہے، ، ہمیں اب بہترین انٹرپرینیورز (چھوٹے کاروبار) کی ضرورت ہے۔ ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ ہیومینٹیز ڈاکٹر سمیع الدین قریشی نے کہا کہ پوری دنیا میں انٹرپرینیوئرشپ کا ہفتہ منایا جاتا ہے، جامعہ مہران نے بھی اب اس روایت کا آغاز کیا ہے۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی اور مختلف شعباجات کے چیئرمینز نے بھی شرکت کی۔