اڈیرہ مرادجمالی میں اغواء چوری ڈکیتیاں اور رہزنی کے واقعات عروج پر ہیں، میر محمد صادق عمرانی

عوام کے جان و مال غیر محفوظ ہیں ،بدامنی اور تاجر کا اغواء انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،سابق صوبائی وزیر

پیر 12 نومبر 2018 22:35

تمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے ڈیرہ مرادجمالی سے رائیس ملز وانرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد نواز مینگل کے اغواء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ مرادجمالی میں اغواء چوری ڈکیتیاں اور رہزنی کے واقعات عروج پر ہیں عوام کے جان و مال غیر محفوظ ہیں ،بدامنی اور تاجر کا اغواء انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے مغوی تاجر کی بازیابی فوری طور پر عمل میں نہ لائی گئی تو پیپلز پارٹی بدامنی کے خلاف بھرپور احتجاج کریگی ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی سے این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ڈیرہ مرادجمالی شہر کے اندر سے لوگوں کا اغوائ موٹرسائیکل چھینے اور چور ی کی وارداتوں سے عوام سخت پریشان ہے اور یو محسوس ہوتا ہے کہ ڈیرہ مرادجمالی کی عوام کو اغواء کاروں چوروں ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ڈیرہ مرادجمالی میں انتظامیہ نام کی کوئی شے نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ مغوی تاجر محمد نواز مینگل کا اغواء بدامنی کی بد ترین مثال ہے ،انہوں نے مغوی کے لواحقین سے ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اغواء کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے چیف جسٹس آف بلوچستان ،وزیراعلی بلوچستان ،چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی تاجر محمد نواز مینگل کو فوری طور پر باعزت طورپر بازیاب کرایا جائے اور ڈیرہ مرادجمالی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ٹھوس موثر اقدامات کر کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔