کلفٹن میں دو بچوں کی ہلاکت کا واقعہ افسوس ناک ہے، معاملے کی تحقیقات جلد مکمل کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے، صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لعل

پیر 12 نومبر 2018 22:39

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لعل نے کہا ہے کہ کلفٹن میں دو معصوم بچوں کی ہلاکت کا واقعہ افسوسناک ہے، معاملے کی تحقیقات جلد مکمل کر کے ذمہ دران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، سندھ فوڈ اتھارٹی کو مکمل فعال کرنے کیلئے قوانین کو 7 روز میں حتمی شکل دی جائے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے محکمہ خوراک کے کمیٹی روم میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کا کاروبار بند کرنا نہیں چاہتے لیکن مضر صحت اشیاء کی فروخت کی اجازت نہیں دے سکتے، تمام ریسٹورنٹ، ہوٹل، کینٹین اور کھانے پینے کی اشیاء کا کاروبار کرنے والے معیار کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد لائسنس کے اجراء کا عمل شروع کیا جائے گا، لائسنس اسی شخص یا کمپنی کو ملے گا جو معیار پر پورا اترے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے تمام مسائل حل کئے جائیں، ہم سچائی اور ایمانداری سے کام کریں تو تمام اہداف مختصر عرصہ میں حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشن سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار احمد شیخ نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی حال ہی میں قائم کی گئی ہے، اس کا موازنہ دوسرے صوبوں سے نہیں کیا جا سکتا، دیگر صوبوں میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کو 3 سے 7 سال کا عرصہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختصر عرصہ میں 39 غیر قانونی فیکٹریوں کو سیل کیا گیا ہے جس میں تیل، کنفیئریر و دیگر شامل ہیں، 14 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، منرل واٹر کی 17 کمپنیوں پر پابندی عائد کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ میں 25 ہزار ٹن مضر گوشت تلف کیا ہے جبکہ 5869 ہوٹلوں، کینٹینوں، فیکٹریوں کو معیار بہتر کرنے کیلئے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس کے اجراء کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر آپریشن نے کہا کہ دو بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کی کیمیائی تجزیے کے لئے نمونے لیبارٹری بھجوائے ہیں، رپورٹ آنے تک بچوں کی ہلاکت کی وجہ سے متعلق کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتے۔

اجلاس میں سیکریٹری محکمہ خوراک محمد راشد، ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری، اسسٹنٹ پروفیسر فوڈ سائنسز کراچی یونیورسٹی ایس ایم غفران، کراچی ایسوسی ایشن آف سوئیٹ اینڈ نمکو شیخ محمد تحسین، کراچی چیمبر آف کامرس کے آغا شہاب خان، صارفین کے نمائندے محمد اکرم و دیگر نے شرکت کی۔