کمشنر کراچی نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، گڈاپ میں واقع ہائی رسک یونین کونسلوں کے لئے خصوصی اقدامات

پیر 12 نومبر 2018 23:02

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) کمشنرکراچی افتخار شلوانی نے پیر کو سوبھراج اسپتال میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی محمدصلاح الدین، محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت اور روٹری کے نمائندے و دیگر بھی موجود تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی نے کہا کہ مہم میں 22 لاکھ 79 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم 192 یونین کونسلوں میں بیک وقت شروع کی جا رہی ہے جبکہ 13 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، مہم کے دوران سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمہ کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے، عالمی پارٹنرز اور کمیونٹی کے لوگوں کا تعاون حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر حکومت نے حساس یونین کونسلوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، گڈاپ ٹاون میں حساس یونین کونسلیں واقع ہیں لہذا گڈاپ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کراچی میں واقع تمام حساس یونین کونسلوں میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل ہو، اس سلسلے میں حساس ترین یونین کونسل گجرو بھی گڈاپ میں واقع ہے، حکومت نے اس کی حساسیت کے پیش نظر گجرو ٹاسک فورس قائم کی ہے جس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، گجرو ٹاسک فورس کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں کوشش کی جائے گی کہ گجرو ٹاسک فورس کے مقاصد حاصل ہوں تاکہ کراچی سے اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی جدوجہد جلد کامیاب ہو۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، اس سے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔

متعلقہ عنوان :