کراچی ،پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کے حوالے سے آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس

جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے،پورے سکھر کو پارٹی کے جھنڈوں، بینروں اور ہولڈنگز سے سجانے کا فیصلہ

پیر 12 نومبر 2018 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے 30نومبر کو 51ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کے سلسلے میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بنائی گئی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں نثار احمد کھوڑو، سید خورشید احمد شاہ، منظور حسین وسان، وقار مہدی، ناصر حسین شاہ، اویس قادر شاہ ، انور خان مہر، اعجاز جکھرانی اور نعمان اسلام الدین شیخ نے شرکت کی۔

اجلاس میں 30نومبر کو ہونے والے یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات پر غور وخوص کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور پورے سکھر ضلع کو پارٹی کے جھنڈوں، بینروں اور ہولڈنگز سے سجایا جائے گا اور دیگر صوبوں سے آنے والے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرگنائزنگ کمیٹی کا اگلا اجلاس بروز جمعہ 16 نومبر کو سکھر میں سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔ جس میں تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی پی پی سندھ کونسل کا اجلاس ہفتہ 17 نومبر کو سکھر میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈویژنل اور ضلعی صدر جنرل سیکریٹریز اور اراکین پارلیمنٹ شرکت کرینگے۔#