Live Updates

وزیراعظم جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق جلد اہم اقدامات کا اعلان کرینگے

جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے جو اس معاملے کی نگرانی کرے گی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار حکومتی اتحادی وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت کردی

پیر 12 نومبر 2018 23:46

وزیراعظم جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق جلد اہم اقدامات کا اعلان کرینگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے اہم اقدامات کا اعلان جلد کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے جو اس معاملے کی نگرانی کرے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی انتخابی مہم میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا وعدہ کیا تھا، تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے سے قبل وزیراعظم صوبے کے قیام سے متعلق اہم اقدامات کا اعلان کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب کی صوبائی کابینہ کا مہینے میں ایک اجلاس جنوبی پنجاب میں منعقد کیا جائے گا جبکہ اس خطے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومتی اتحادی ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت کردی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر نے کہا کہ وہ یہ معاملہ وزیراعظم سے ملاقات میں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 'میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے خلاف نہیں بلکہ جنوبی پنجاب صوبے میں بہاولپور کو بھی شامل کرنے کی تجویز کے خلاف ہوں، میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا اور ان کی پرانی تقریریں بھی ساتھ لے جاؤں گا جن میں انہوں نے بہاولپور صوبے کے حق میں باتیں کی تھیں۔طارق بشیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ پنجاب اسمبلی میں بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قراردادیں منظور کرچکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات