پنجاب کے 10ہزار فنکاروں کے لئے 4لاکھ روپے مالیت کے ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے‘فیاض الحسن چوہان

صوبے میں 200فنکاروں اور گلوکاروںمیں ان کی کارکردگی,اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر دو کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے ‘صوبائی وزیر

پیر 12 نومبر 2018 23:49

پنجاب کے 10ہزار فنکاروں کے لئے 4لاکھ روپے مالیت کے ہیلتھ کارڈ جاری کئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعت و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب کے 10-ہزار فنکاروں کے لئے 4-لاکھ روپے مالیت کے ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے - 30-سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لئے پنجاب میں سکروٹنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے - صوبے میں 200-فنکاروں اور گلوکاروںمیں ان کی کارکردگی,اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر دو کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں مقامی فنکاروں سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی - ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے -فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت آرٹسٹوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے - انہوںنے کہا کہ پنجاب میں آرٹسٹوں کو فنکارانہ صلاحیتوں کے اظہار کے لئے میوزک کنسرٹ منعقد کئے جائیں گے اور وائس آف پنجاب کے نام سے صوبے کی تمام آرٹس کونسلوں میں میوزیکل شوز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور نوجوان گلوکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی -پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ آرٹسٹوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی اور انکی فلاح و بہبود کے لئے کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے - اس موقع پر آرٹسٹوں نے صوبائی و زیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور کہاکہ وہ معیاری تفریحی پروگرام تیار کر کے صوبے کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دیں گے -انہو ںنے فنکاروں کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے پر فیاض الحسن چوہان کا شکریہ ادا کیا صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والے فنکاروں میں باطن فاروقی, ناصر ولیم , ارشد منہاس, لیلی جٹی , شہناز اختر, مرزاشبیر , شمع نیازی , سید سلیم آفندی ,منور آفریدی, سعید انور, سپنا شاہ اور علی زیب شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :