Live Updates

آرمی چیف کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ

صدر مملکت،وزیراعظم اور چیف جسٹس سمیت متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 12 نومبر 2018 23:01

آرمی چیف کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ میں صدر مملکت،وزیراعظم اور چیف جسٹس سمیت متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ آرمی ہاوس راولپنڈی میں منعقد کی گئی ۔تقریب میں وزیر اعظم عمران خان ، صدر مملکت عارف علوی اور چیف جسٹس ثاقب نثار نے شرکت کی۔

سعد صدیق باجوہ کی دعوت ولیمہ میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔ولیمے کی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شریک ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا اورافغانستان کے سفیر اوربرطانوی ہائی کمشنر نے بھی ولیمے کی تقریب میں شرکت کی۔

ان کے علاوہ شعیب اختر،شہزاد رائے بھی سعد صدیق باجوہ کی ولیمہ کی تقریب میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ بلاول بھٹو ، خواجہ آصف ، پرویز الہٰی، اور چوہدری نثار سمیت دیگر معروف سیاستدان بھی تقریب کا حصہ ہیں۔ان کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی ولیمہ کی تقریب میں شریک ہیں۔ واضح ہو کہ سعد صدیق باجوہ کی شادی گزشتہ روز ایک معروف کاروباری شخصیت صابر حمید کی صاحبزادی ماہ نور صابر سے ہوئی۔

شادی کی تقریب لاہور کے ایک معروف میرج ہال میں منعقد کی گئی جہاں علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد باجوہ کا ماہ نور صابر سے نکاح پڑھایا۔
شادی کی تقریب میں سب نے گلابی رنگ کی پگڑیاں پہن رکھی تھیں ۔
آرمی چیف کے صاحبزادے کی شادی کی تصاویر بھی منظر عام پر آئیں جن میں تمام مہمانوں کو گلابی پگڑیاں پہنے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

یاد رہےکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد باجوہ کی زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے عظیم الشان محفل میلاد کا اہتمام کیا تھا۔ محفل میلاد میں عاشقان نے رسول صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کو گلہائے عقیدت اور سلام پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات