سپریم کورٹ نے اے پی پی کے ملازمین کی پنشن اور مراعات سے متعلق کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا

پیر 12 نومبر 2018 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)کے ملازمین کی پنشن اور مراعات سے متعلق کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ پیرکوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرملازمین کے وکیل حشمت حبیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اے پی پی کے حکام متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن دینے سے متعلق انکاری نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ا ن کو ادائیگی نہیں کی جارہی۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ ادارے کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ جس پرچیف جسٹس نے استفسارکیا کہ آخران ریٹائرڈ ملازمین کوپنشن کون دے گا، ہم اس کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔ فاضل وکیل نے کہا کہ عدالت اگر کسی کو طلب کرے گی تو یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا ہمیں تو اپنے حق کے طورپرپنشن کی ادائیگی چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عدالت فی الوقت کسی کو طلب نہیں کرے گی۔ بعدازاں عدالت نے اے پی پی ملازمین کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔