Live Updates

وزیر اعظم عمران خان 21 نومبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے

وزیر اعظم ، ملائشین ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ کاروبای شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 13 نومبر 2018 00:22

وزیر اعظم عمران خان 21 نومبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) وزیر اعظم عمران خان 21 نومبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔اس دورے کے دوران وزیر اعظم ، ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کے علاوہ متعدد اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائشیا کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان 21 نومبر کو ملائشیا کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

اس دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔اس دوران وہ اہم ترین کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور انکو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح ہو کہ 18 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کی ملائشین ہم منصب مہا تیر محمد سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔ مہا تیر بن محمد نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی تھی۔جب کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام پاکستان مہا تیر بن محمد کو اعلیٰ رہنما سمجھتے ہیں۔پاکستان اور ملائشیا کے درمیان انتہائی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔

ملائشیا کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کے لیے مہا تیر محمد کا وژن قابل تحسین ہیں۔ملائشین وزیراعظم نے عمران خان کو ملائشیا کے دورے کی دعوت دی تھی جب کہ عمران خان نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔ ملائشین وزیراعظم نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان آئیں گے۔                                              
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات