شارجہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ، ڈرائیور ہلاک، 7 افراد زخمی

SUV گاڑی کو حادثہ سڑک پر پھِر رہے آوارہ اُونٹ کو بچانے کے دوران پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 نومبر 2018 12:35

شارجہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ، ڈرائیور ہلاک، 7 افراد زخمی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 نومبر2018ء) گزشتہ روز SUV گاڑی کو پیش آنے والا حادثہ ایک شخص کی جان لے گیا، جبکہ سات افراد کو شدید اور معمولی چوٹیں آئی ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ الحُمریہ سے اُم القوین جانے والی سڑک پر صبح کے اوقات میں پیش آیا۔ SUV میں سوار افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے تھا جنہیں حادثے کے فوری دیر بعد طبی امداد کے لیے عجمان کے خلیفہ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے گاڑی مسافروں کو لے کر اُم القوین جا رہی تھی جب سڑک پر کسی جانب سے اچانک ایک آوارہ اُونٹ آ گیا۔ ڈرائیور نے گاڑی کا اُونٹ سے تصادم روکنے کی خاطر اچانک اُس کا رُخ موڑا تو وہ بے قابو ہو کر کئی قلابازیاں کھاتی سڑک سے پرے جا کر اُلٹ گئی۔

(جاری ہے)

اس حادثے کے نتیجے میں بدقسمت ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

الحمریہ پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل علی سعید ال جلاف نے بتایا کہ آپریشنز رُوم کو صبح پونے آٹھ بجے حادثے کی اطلاع مِلی جس پر ٹریفک اہلکاروں، پٹرولنگ ٹیم اور ایمبولینس کے سٹاف کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ جس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو ڈرائیور دم توڑ چُکا تھا جبکہ باقی لوگ زخمی حالت میں پڑے تھے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زندگی سے محروم ہونے والے ڈرائیور کی لاش کو عارضی طور پر الکُویتی ہاسپٹل کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

کرنل الجلاف کا کہنا تھا کہ اس حادثے کی ایک وجہ ڈرائیور کی تیز رفتاری بھی ہے جو سڑک پر اچانک اُونٹ سامنے آ جانے پر حواس باختہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں یہ خوفناک حادثہ رُونما ہوا۔ اُنہوں نے تمام ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں تاکہ اُن کی اور دُوسرے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق نہ ہوں۔