قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ پرسوں سے شروع ہوگا

منگل 13 نومبر 2018 14:28

قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ پرسوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ پرسوں جمعرات سے شروع ہوگا۔ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 16 نومبر سے جناح سٹیڈیم ، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں عروج پر ہیں اور چیمپئن شپ کی میزبانی کے فرائض اسلام آباد ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن انجام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چودہ مرد اور خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں شریک مرد و خواتین ایتھلیٹس ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، لانگ جمپ، ہیمر تھرو، جیولین تھرو، شارٹ پٹ، ڈسکس تھرو، 100 میٹر دوڑ ، 200 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ، 800 میٹر دوڑ، 15 سو میٹر دوڑ اور 5 ہزار میٹر دوڑ، 4X100 میٹر ریلے، 4X400 میٹر ریلے، 100 رکاوٹوں کی دوڑ، 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ اور 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

چیمپئن شپ 18 نومبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ٹیمیں 15 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گی۔