نیشنل بینک آف پاکستان سپر کرکٹ چمپئن شپ کل شروع ہو گی

ایونٹ کا افتتاح سابق ٹیسٹ کرکٹ اقبال قاسم کریں گے ،ْ آئی سی اے کے چار زونز کے 37 رجسٹرڈ کلبز شرکت کریںگے

منگل 13 نومبر 2018 15:36

نیشنل بینک آف پاکستان سپر کرکٹ چمپئن شپ کل شروع ہو گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن (آئی سی ای) کے زیر اہتمام نیشنل بینک آف پاکستان سپر کرکٹ چمپئن شپ کل بدھ کو اسلام آباد میں شروع ہو گی۔ ایونٹ کا افتتاح سابق ٹیسٹ کرکٹ اقبال قاسم کریں گے جس میں آئی سی اے کے چار زونز کے 37 رجسٹرڈ کلبز شرکت کریںگے۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے کلبوں میں سنٹرل زونز سے عمران میموریل، مارگلہ، الیون سٹار، کلاسک کلب، ینگ کیپٹل ، الفتح ، ڈائمنڈ ،کنگ جمخانہ، واریئرز، ایسٹ زون سے مسلم، حسن میموریل، ماڈل ٹائون، قائد اعظم، ماجد میموریل، سی ار اے، ملت، راول ٹائون، لکی سٹار اور آصف میموریل ، ویسٹ زون سے آل لکی سٹارز، ٹی این ٹی، ینگسٹرز، آل ینگ سٹارز، کیپیٹل جمخانہ، لیشنگز، جنون، غوری، پنجاب، المسلم، مہران جبکہ نارتھ زون سے نیشنل شاہین، اسلام آباد ہاکس، ایوان، ایسکو، اسلام آباد جمخانہ اور اسلام آباد گرینرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی اے گزشتہ 12 سالوں سے یہ کرکٹ لیگ نیشنل بینک کے اشتراک سے منعقد کروا رہا ہے۔ لیگ میں کرکٹ بارز، ایمپائرز ، سکوررز ، ٹرافیز اور باقی تمام سہولیات آئی سی اے نیشنل بینک کے اشتراک سے مہیا کریگا جس سے اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔ کرکٹ لیگ 2 حصوں میں کھیلی جائے گی۔ پہلا رائونڈ ناک آئوٹ ہو گا۔ پھر ہر زون سنٹرل، ایسٹ، ویسٹ اور نارتھ کی 4 ٹاپ ٹیموں کے مابین میچز کھیلے جائیں گے۔

چمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ 60 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ کو ٹرافی کے ساتھ30 ہزار اور 5 ہزار روپے کے 5 انفرادی انعامات کے علاوہ مزید نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ افتتاحی میچ مارگلہ اور الیون سٹار کی ٹیموں کے درمیان ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ عرفان حیدر اور شاہین اقبال میچ سپروائز کریں گے۔ ناک آئوٹ مرحلہ 16 نومبر تک جاری رہے گا۔ لیگ میچز کا دورانیہ 22 نومبر سے 5 دسمبر تک ہو گا۔ سیمی فائنل کھیلنے والی 4 ٹیموں کو کلر کٹس مہیا کی جائیں گی۔