نجی ٹی وی چینل نے عمر چیمہ کی جانب سے شئیر کی گئی جعلی خبر کا نوٹس لے لیا ، وارننگ جاری

وزارت خارجہ کا بھی عمر چیمہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ، ترجمان نے بیان جاری کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل نومبر 15:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2018ء) : معروف صحافی عمر چیمہ نے گذشتہ روز مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خبر کی تصویر اپ لوڈ کی گئی جس میں لکھا گیا تھا کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے قیامت نہیں آجائے گی۔ جس کے ساتھ ہی عمر چیمہ نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان کا اسرائیلی طیارے کے پاکستان آنے یا نہ آنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس طرح کی تصاویر گردش کرنے پر نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز نے نوٹس لیا اور اپنے نام سے منسوب کی جانے والی جعلی خبروں اور تصویر سے متعلق ایک وضاحتی پیغام جاری کیا کہ سوشل میڈیا پر ہمارے لوگو کے ساتھ وائرل ہوئیں تصاویر ہماری نہیں ہیں بلکہ انہیں فوٹو شاپ کی مدد سے بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ تمام تصاویر جعلی اور ان پر تحریر بیانات کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنے بیان میں ایکسپریس نیوز نے کہا کہ عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ ایسی کسی پوسٹ سے ایکسپریس کا کوئی تعلق نہیں، ایکسپریس کے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس موجود ہیں صرف وہاں سے شیئر کی گئی پوسٹ ہی ایکسپریس کی نمائندگی کرتی ہیں بقیہ جعلی اور بے بنیاد پوسٹس سے ایکسپریس انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں۔ دوسری جانب جعل سازوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ادارہ ایسی جعلی پوسٹس پر ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کرنے کا مجاز ہے اور ادارہ جلد اس ضمن میں ایف آئی اے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرکے ایسی پوسٹ بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے وضاحتی پیغام کے بعد وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں ترجمان نے جعلی خبر کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ عمر چیمہ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی خبر عمر چیمہ کے ٹویٹ کرنے کے بعد زیادہ وائرل ہوئی۔ عمر چیمہ سے رابطہ کرنے پر انہوں نے ہمیں اس بات کی تصدیق کی کہ خبر کے جعلی ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے 5 منٹ کے اندر انہوں نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

وزارت خارجہ نے عمر چیمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ٹویٹر فالوورز کو بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے اس خبر کے جعلی ہونے کی اطلاع دیں۔ جس پر عمرچیمہ نے ایک اور ٹویٹ کیا جس میں کہا گیا کہ میں نے ایکسپریس نیوز سے منسوب کی گئی خبر جعلی ہونے کی اطلاع ملنےکے 5 منٹ کے اندر ہی اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کر دیا تھا۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سوچا کہ اس معاملے پر وزارت خارجہ سے بیان دلوا کر اسے مزید بڑھاوا دیا جائے۔ اس ٹویٹ میں عمر چیمہ نے جعلی خبر اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کی تصویر بھی شئیر کی۔