Live Updates

حکومت نے ایف بی آر کے ٹیکس جمع کرنے اور پالیسی سازی کے شعبوں کو الگ کر کے اچھا فیصلہ کیا ہے، احمد حسن مغل

منگل 13 نومبر 2018 16:31

حکومت نے ایف بی آر کے ٹیکس جمع کرنے اور پالیسی سازی کے شعبوں کو الگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا ہے کہ حکومت نے ایف بی آر کے ٹیکس جمع کرنے اور پالیسی سازی کے شعبوں کو الگ کر کے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے جو قابل ستائش ہے کیونکہ اس فیصلے سے ٹیکس دہندگان میں نیا اعتماد پیدا ہو گا اور ملک میں ٹیکس کلچر کو وسعت دینے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں احمد حسن مغل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران قوم سے یہ وعدہ کیا تھا کہ اگر عوام نے ووٹ کے ذریعے ان کی پارٹی کو حکومت میں لایا تو پی ٹی آئی حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات کو اولین ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ٹیکس جمع کرنے اور ٹیکس پالیسی سازی کے شعبوں کو الگ کرنے کا فیصلہ کر کے اس جانب ایک مثبت پیش رفت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے توقع ظاہر کی کہ حکومت کے اس فیصلے سے ٹیکس دہندگان کی شکایات کا بہتر ازالہ ہو گا اور ملک میں صاف و شفاف ٹیکس نظام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی حکومت ٹیکس نظام میں مزید ضروری اصلاحات لائے گی تا کہ ملک میں ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہو اور ٹیکس ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہونے سے حکومت ترقیاتی و فلاحی کاموں پرزیادہ توجہ دے سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ تاجر برادری عرصہ دراز سے ٹیکس جمع کرنے اور پالیسی سازی کے شعبوں کو الگ کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے اور موجودہ حکومت نے ان کا مطالبہ پورا کر کے ایک قابل تعریف فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک کے ٹیکس ریونیو میں بہتری آئے گی اور ملک کا قرضوں پر انحصار کم ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس پالیسی بورڈ میں نجی شعبے کو مناسب نمائندگی دی جائے اور ایک منصفانہ و صاف و شفاف ٹیکس نظام تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کی جائے تا کہ ہر فرد و ادارہ جو ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس سے ٹیکس وصول کیا جائے اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات