ترسیلی کمپنیوں نے ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں بجلی نرخوں میں مزید اضافہ مانگ لیا

سنٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی نے چونسٹھ پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے، نیپرا درخواست پر سماعت چودہ نومبر کو کرے گی

منگل 13 نومبر 2018 16:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) ترسیلی کمپنیوں نے بجلی کی نرخوں میں مزید اضافہ ما نگ لیا، سنٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی نے چونسٹھ پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے، نیپرا درخواست پر سماعت چودہ نومبر کو کرے گی۔تفصیلات کے مطابق نیپرا زرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل پاوور پرچیزنگ اتھارٹی نینرخوں میں اضافے کی درخواست دی ہے، سی سی پی اے نے بجلی کے ٹیرف میں چونسٹھ پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا ہے۔

سی سی پی اے کے مطابق قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔اضافہ اکتوبر کے مہینے کیلئے مانگا گیا ہے، اکتوبر میں بجلی کی فی یونٹ قیمت پانچ روپے اٹھاسی پیسے رہی جبکہ صارفین سے پانچ روپے تئیس پیسے چارج کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نیپرا درخواست پر سماعت چودہ نومبر کو کرے گی، اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔

یاد رہے اکتوبر میں حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی تھی، بجلی اوسطا 1 روپے 18 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی جبکہ 300 یونٹ استعمال کرنے والوں پرکوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔اس سے قبل 26 ستمبر کو نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی، جس کے مطابق اگست کے کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ سولہ پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا، قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوا تھا۔