امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کی چار کلیدی نشستوں پر دوبارہ گنتی ،جلد اعلان متوقع

جارجیا ریاست میں گورنر اور ایری زونا میں سینیٹ کی سیٹ کے لئے بھی ووٹوں کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے،رپورٹ

منگل 13 نومبر 2018 16:57

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی زیادہ تر مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم چند اہم ریاستوں میں چار کلیدی انتخابی مقابلوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ فلوریڈا میں سینیٹ اور گورنر کی دوڑ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے جن میں ابتدائی گنتی کے بعد رپبلکن پارٹی کو معمولی برتری حاصل تھی۔

ادھر جارجیا ریاست میں گورنر اور ایری زونا میں سینیٹ کی سیٹ کے لئے بھی ووٹوں کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے۔ یہ ریاست صدارتی انتخاب میں ہمیشہ اہمیت اختیار کرتی رہی ہے۔ اس سال سینیٹ اور گورنر کی دوڑ میں مقابلہ انتہائی سخت رہا۔

(جاری ہے)

انتخاب کے حوالے سے مقدمات دائر ہو چکے ہیں اور رپبلکن امیدوار رِک سکاٹ کی طرف سے ڈیموکریٹک پارٹی کو یہ انتخاب چوری کرنے کا الزام لگائے جانے کے بعد جمعہ کے روز برووارڈ کانٹی میں لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔

رپبلکن امیدوار رِک سکاٹ کا کہنا تھا کہ فلوریڈا کے ہر شہری کو اس بات پر تشویش ہونی چاہئیے کہ پام بیچ اور بروورڈ کانٹیوں میں دھاندلی ہوئی ہے۔سکاٹ فلوریڈا کے موجودہ گورنر ہیں اور سینیٹ کے انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار بل نیلسن پر ان کی برتری انتہائی کم ہو گئی ہے۔ادھر صدر ٹرمپ نے بھی یورپ جاتے ہوئے فلوریڈا کے انتخابات کے بارے میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نجانے کہاں سے ووٹ مل گئے۔

انہوں نے کہا کہ رپبلکن امیدوار رک سکاٹ یہ انتخاب جیت چکے تھے لیکن ان کے ووٹ ہر دو گھنٹے کے بعد کم ہوتے جا رہے ہیں۔تاہم فلوریڈا میں مقامی انتخابی عملہ اپنے اقدامات کا دفاع کر رہا ہے۔ فلوریڈا کی انتخابی نگران سوزن بوچر کہتی ہیں کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے اور اس میں کسی عجلت کی کوئی ضرورت نہیں ہیں کیونکہ تمام تر توجہ مکمل درستگی پر مرکوز ہے۔