سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ ٹیکنالوجی پر عمل کیا جائے، چوہدری عبدالغفور

منگل 13 نومبر 2018 18:19

لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) سورج مکھی کے بیج میں اعلیٰ قسم کا 40فیصد خوردنی تیل ہوتا ہے اور انسانی صحت کے لیے ضروری حیاتین اے ، بی ،ای اور کے بھی پائے جاتے ہیں۔ سور ج مکھی کم دورانیہ کی فصل ہے جو 100سے 125 دن میں پک کر تیار ہوجاتی ہے ۔سورج مکھی کو سال میں دو دفعہ بہار اور خزاں کے دوران با آسانی کاشت کیا جاسکتا ہے ۔

اس کی محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ پیداواری ٹیکنالوجی پر عملد رآمد سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے لہذٰازر عی توسیعی کارکنان سورج مکھی کی پیداواری ٹیکنالوجی میں دی گئی جدید سفارشات کاشتکاروں تک پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری عبدالغفور ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن لاہور نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں پیداواری ٹیکنالوجی سورج مکھی 2019-20کی منظوری کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محمد آفتاب ڈائریکٹر آئل سیڈ،رائے مدثر عباس ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ انفارمیشن، ڈاکٹر آصف شہزاد اسسٹنٹ پروفیسر میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر شکیل انجم اسسٹنٹ پروفیسر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ، علیم سرور اسسٹنٹ سائل فرٹیلٹی آفیسر ، عبدالرحمن اور ثروت ضیاء شعبہ پیسٹ وارننگ فیصل آباد ڈاکٹر ساجدہ حبیب باٹنسٹ شعبہ تیل دار اجناس اور محمد لطیف نائب ماہر حشرات کے علاوہ دیگر زرعی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گزشتہ سال کے پیداواری منصوبہ سورج مکھی کا تنقیدی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پرمحمد آفتاب ڈائریکٹر آئل سیڈنے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ اس سال سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار تقریباً20من گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں زیادہ ہوئی ہے ۔ اس سال سورج مکھی کے رقبہ وپیداوار میں اضافہ کے لیے ٹارگٹ میں رقبہ و پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں رواں سال سورج مکھی کی کاشت کے حوالے سے سفارشات مرتب کی گئیں جن میں سورج مکھی کی پیدواری ٹیکنالوجی کے تمام عوامل جن میں ہائبرڈ اقسام ، زمین کی تیاری ، کھادوں کا استعمال ، آبپاشی ، جڑی بوٹیوں کی تلفی، کیڑوں وبیماریوں کی پہچان وانسداد اور فصل کی برداشت وسٹوریج کے طریقے شامل ہیں۔

علاوہ ازیں امسال حکومت پنجاب سورج مکھی کے کاشتکاروں کوسبسڈی بھی دے گی۔ اجلاس میں زرعی ماہرین کی مشاورت سے پیداواری ٹیکنالوجی سورج مکھی 2019-20 میںچند ضروری ترامیم کرنے کے بعد ٹیکنالوجی کی منظوری دے دی گئی۔