مانسہرہ سے کراچی جانیوالی بس کا تلہ گنگ کے قریب حادثہ،3 مسافر جاں بحق ،13 زخمی

منگل 13 نومبر 2018 20:07

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) مانسہرہ سے کراچی جانیوالی بس تلہ گنگ کے قریب میانوالی روڈ پر کوٹ قاضی کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور 2 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق حادثے کے دوران کراچی کی رہائشی 25 سالہ بشریٰ دختر سلیم، عاقل محمد ولد اختر ساکن کراچی اور ایک 27 سالہ نامعلوم خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئیں،اس طرح حادثہ میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 9 شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان اور ایمرجنسی آفیسر رانا سعید احمد نے تمام امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ ڈاکٹر عتیق احمد خان نے بتایا کہ 13 مسافروں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے تین مسافروں آغا محمود، گلاب زرین اور محمد ریاض کو متعلقہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں میں سعیدہ بی بی، محمد ریاست، سردار ذوالفقار، خطیب شاہ، محمد یار، سکینہ بی بی شامل ہیں جنہیں ریسکیورز نے ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ہسپتال پہنچایا۔