آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے پولیس سروسز جنرل ہسپتال پشاور کا دورہ

منگل نومبر 20:33

آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے پولیس سروسز جنرل ہسپتال ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے پولیس سروسز جنرل ہسپتال پشاور کا دورہ کیا۔ جہاں انہوںنے صوبہ کے بیشتر اضلاع میں آج سے جاری تین روزہ پولیو مہم کے سلسلے میں ہسپتال میں لائے گئے کئی ایک ننھے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔ بچوں کے والدین نے آئی جی پی کو اپنے درمیان پا کر خوشی اور اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

آئی جی پی نے اس موقع پر ہسپتال میں نئے تعمیر شدہ ڈینٹل بلاک کا فیتہ کاٹ کر افتتاح بھی کیا۔ بعد آزاں آئی جی ہسپتال میں قائم مختلف وارڈوں میں گئے جہاں انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجے اور سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور موقع پر موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو مریضوں کو بہترین طبی علاج معالجے کے حوالے سے چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی کو ہسپتال میں نقشوں اور سلائیڈز کے ذریعے بریفنگ بھی دی گئی۔ جس میں ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر مریضوں کو ٹیلی میڈیسن کے ذریعے علاج معالجے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران ایم ایس نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن پروگرام صوبے کے دور دراز اضلاع کے لیے متعارف کی گئی ہے۔

اور اس پروگرام کے تحت صوبے کے دورافتادہ اور پساندہ اضلاع جہاں پر سپیشلائزڈ ڈاکٹروں اور جدید طبی سہولیات کا فقدان ہو وہاں پر پولیس ہسپتال پشاور میں موجود ڈاکٹر سیٹلائیٹ کے ذریعے مریضوں کا معائنہ اور تشخیص کرتے ہیں۔ آئی جی پی کو ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور مریضوں کو صحت سے متعلق بہترین سہولیات کی فوری اور بروقت فراہمی کے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور اور ایس ایس پی آپریشنز پشاور بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔