آئی سی سی کا سابق سری لنکن آل رائونڈر دلہارا لوکو ہیٹج پر کرپشن کے الزامات عائد

منگل 13 نومبر 2018 20:37

آئی سی سی کا سابق سری لنکن آل رائونڈر دلہارا لوکو ہیٹج پر کرپشن کے ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق سری لنکن آل رائونڈر دلہارا لوکوہیٹج پر کرپشن کے الزامات عائد کر دیئے، ان پر ایمرٹس کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کے چارجز بھی لگائے گئے ہیں، دلہارا رواں برس دسویں کھلاڑی ہیں جن پر آئی سی سی نے کرپشن الزامات عائد کئے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دلہارا پر گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹی 10 لیگ سے متعلق الزامات ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے میچ کے نتائج کو فکس کرنے، ایک کھلاڑی کو بھی اسی کام کیلئے اکسانے سمیت کرپشن کے حوالے سے ایمرٹس کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون نہ کرنا شامل ہیں۔ انہیں کرپشن الزامات کا جواب جمع کرانے کیلئے 14 دنوں کی مہلت دے دی گئی ہے۔ لوکوہیٹج 2005ء سے 2013ء کے دوران 9 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی اس سے قبل سابق سری لنکن کرکٹرز سنتھ جے سوریا اور زوئسا پر بھی کرپشن کے الزامات عائد کر چکا ہے۔