او پی ایف کے 24 تعلیمی اداروں میں تارکین وطن کے 3697 بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی حقوق

منگل 13 نومبر 2018 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) سمندر پار پاکستانیز فائونڈیشن (او پی ایف) کے 24 تعلیمی اداروں میں تارکین وطن کے 3697 بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو رواں تعلیمی سال میں او پی ایف کے اسکولوں اور کالجوں میں داخل 19 ہزار 51 بچوں کا 20 فیصد ہیں۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی حقوق کے ذرائع کے مطابق او پی ایف کے تعلیمی اداروں کی 24 عمارتوں میں سے 9 عمارتیں اس کی اپنی ہیں، 12 عمارتیں کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں جبکہ 3 اسکولوں کیلئے صوبائی حکومتوں نے جگہ فراہم کی ہے۔

اس وقت او پی ایف کے تعلیمی اداروں میں تقریباً 877 تدریسی اور 494 غیر تدریسی عملہ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کے تمام تعلیمی ادارے ملک بھر میں بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت او پی ایف کے تمام تعلیمی اداروں میں تقریباً 2354 بچوں کے داخلہ کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں داخلوں کا عمل جاری ہے۔

گجرات میں او پی ایف سکول میں 500 طلباء کی گنجائش موجود ہے جبکہ او پی ایف پبلک سکولز سانگھڑ میں 400 طلباء، او پی ایف اسکول کراچی میں 200، او پی ایف مانسہرہ میں 160 ، او پی ایف اسکول شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں 100، 100 طلباء کی گنجائش موجود ہے جبکہ او پی ایف اسلام آباد میں تارکین وطن کے 96 بچوں کی گنجائش موجود ہے۔ اسی طرح او پی ایف ملتان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 75، 75 طلباء کی گنجائش موجود ہے۔

کم و بیش 72 طلباء او پی ایف کوٹلی اور 66 طلباء او پی ایف کوئٹہ میں داخلے حاصل کر سکتے ہیں۔ او پی ایف بھلوال، دیپالپور، پاک پتن اور اسلام آباد کے ہر تعلیمی ادارے میں 50، 50 بچے داخل ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح 45 بچوں کو او پی ایف تربت میں داخلہ دیا جا سکتا ہے جبکہ 25 بچوں کو او پی ایف مظفر آباد اور بدین میں داخلہ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ او پی ایف میرپور میں 15 طلباء کی گنجائش موجود ہے۔