حکومت ایف پی سی سی آئی کی تنظیم نو کرے اور معنی خیز اصلاحات متعارف کرائے، شاہد رشید بٹ

منگل 13 نومبر 2018 20:54

حکومت ایف پی سی سی آئی کی تنظیم نو کرے اور معنی خیز اصلاحات متعارف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت ایف پی سی سی آئی کی تنظیم نو کرے اور اس میں معنی خیز اصلاحات متعارف کرائے تاکہ یہ ادارہ اپنے قیام کے مقاصد پورے کر سکے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کو اس کے ریگولیٹر کے ذریعے فعال بنانے کی جتنی ضرورت آج ہے کبھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

شاہد رشید بٹ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کا کام حکومت کو معاشی ترقی کیلئے سنجیدہ سفارشات دینا ہے جس پر کئی سال سے عمل نہیں ہو رہا۔ وفاقی چیمبر پریس ریلیز، سیمینار اور اعلیٰ حکام سے ملاقات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جو افسوسناک ہے۔ ساری دنیا میں ملکی امیج اجاگر کرنے اور اقتصادی سفارتکاری کا کام نجی شعبہ کے حوالہ کیا جا رہا ہے مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہو رہا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کو بھارت کے وفاقی چیمبر سے سیکھنے کی ضرورت ہے جس کے صرف ایک انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ نے دو سال میں ایک سو سے زیادہ اہم رپورٹیں شائع کی ہیں۔ امسال الیکشن ڈی جی ٹی او کی نگرانی میں کرانے کی ضرورت ہے ۔