ایشین سوکر فٹ سال چیمپئن شپ 13 سے 16 دسمبر تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، میزبان پاکستان سمیت بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، ترکی اور برونائی کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی

منگل 13 نومبر 2018 22:18

ایشین سوکر فٹ سال چیمپئن شپ 13 سے 16 دسمبر تک اسلام آباد میں کھیلی جائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) ایشین سوکر فٹ سال چیمپئن شپ آئندہ ماہ 13 سے 16 دسمبر تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان پاکستان سمیت بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، ترکی اور برونائی کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

(جاری ہے)

منگل کو پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے ترجمان مبشر سنجرانی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 4 روزہ ایونٹ میں غیرملکی ٹیموں بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، ترکی اور برونائی نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے، پاکستانی ٹیم میزبان کی حیثیت سے ایونٹ میں قسمت آزمائی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے رواں سال کے شروع میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل فٹ سال کپ کی میزبانی کی تھی اور یہ رواں برس کے دوران دوسرا ایونٹ ہو گا۔ مبشر سنجرانی جو کہ قومی فٹ سال ٹیم کے کپتان بھی ہیں نے کہا کہ حال ہی میں منعقدہ قومی فٹ سال چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے تربیتی کیمپ کیلئے میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا چنائو کیا ہے اور کیمپ کے اختتام پر حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔