چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال کا نیب لاہور کا دورہ ،

ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے میگا کرپشن کیسز میں جاری تحقیقات اور اہم پیشرفت پر جامع بریفنگ دی نیب کے اقدامات سے پاکستان میں بزنس کمیونٹی کو استحکام ملے گا، نیب میں ہر سفارش اور عہدہ گیٹ سے باہر ختم ہو جاتا ہے، چیئر مین نیب

منگل نومبر 22:39

چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال کا نیب لاہور کا دورہ ،
لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال نے نیب لاہور کادوسرے روز دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کیسز میں جاری تحقیقات اور اہم پیشرفت پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستانی بزنس کمیونٹی سے کنسٹرکشن ایسوسی ایشن (CAP) کے مرکزی نمائندگان نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے چیئر مین نیب سے ملاقات کی۔

نمائندگان کا کہنا تھا کہ ماضی میں80فیصد ملکی میگا پراجیکٹس بیرونی ممالک کی کمپنیوں کو فراہم کر دئیے گئے۔ نیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تاہم ایسوسی ایشن کیجانب سے بزنس کمیونٹی میں موجود کرپٹ عناصر کو منظرِ عام پر لانے کیلئے بھرپور مدد کی پیشکش کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئر مین نیب نے وفد کے ارکان سے مخاطب ہوتے ہوئے اس تاثر کی نفی میں کہا کہ نیب کیوجہ سے ملکی معیشت پر کسی قسم کے برے اثرات مرتب نہیں ہوئے۔

بدعنوانی سمیت دیگر عوامل ملکی معیشت پر اثر انداز ہو رہے ہیں،نیب میں جب کسی سے پوچھا کہ5000کے کام پر 50,000کیسے خرچ ہوئے تو سب نیب کے خلاف اکٹھے ہو گئے۔ نیب ملکی بزنس معاملات میں پارٹی نہیں ہے نہ ہی نیب کیوجہ سے کبھی کسی معاہدے پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ جسٹس جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نیب کا سیاسیت سے کوئی تعلق نہیں نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے۔

ماضی میں پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدات پاکستانی کمپنیوں کے بجائے بین الاقوامی کمپنیوں سے کئے گئے جسکی وجہ سے مقامی بزنس کمیونٹی کی حق تلفی ہوئی اس موقع پر چیئر مین نیب کاکہنا تھا کہ اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا اور نیب کے اقدامات پاکستان میں بزنس کمیونٹی کے استحکام کا موجب ہونگے۔چیئر مین نیب نے بزنس کمیونٹی کی مزید سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر بزنس ڈیسک بنانے کے احکامات صادر کئے جو ڈائریکٹر لیول کے نیب آفیسر کی نگرانی میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں گے۔

نیب پنجاب میں چیئر مین نیب کی ہدایات کی روشنی میں بزنس ڈیسک تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر خاور الیاس کرینگے تاہم نیب ہیڈ کوارٹر میں قائم بزنس ڈیسک کی سربراہی ڈائریکٹر آصم لودھی کررہے ہیں۔کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے چیئر مین نیب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور نیب کو کنسٹرکشن کی مد میں کئے گئے معاہدات پر ماہرانہ رائے کیلئے نیب کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔