میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی کچرے سے بجلی بنانے والی امریکی کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات

منگل 13 نومبر 2018 23:18

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی کچرے سے بجلی بنانے والی امریکی کمپنیوں کے عہدیداروں سے میٹنگ ‘ سکھر میں انسنریشن پلانٹ کی تنصیب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے انسنریشن پلانٹ کے ذریعے کچرے سے بجلی کی پیداوار پر امریکی تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے صدر اور سی ای او NGIN کمپنی فیڈ ایچ والٹ ، امریکی کلچرل اتاشی اسٹیفن والن ، ڈائریکٹر سندھ یو ایس ایڈ جان اسمیتھ ، امریکہ کے اکنامک آفیسر جین ایم فوسٹر سے کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں میٹنگ کی جس میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ ، مشیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سردار محمد بخش خان مہر ، فنانس ایکسپرٹ اسد علی شاہ ، فوکل پرسن برائے لوکل گورنمنٹ رحمت اللہ اور صوبائی ایگزیکٹو یوسف شیخ بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں امریکی کمپنی NGIN کے صدر و سی ای او نے شرکاء کو انسنریشن پلانٹ کی فنگشن اور افادیت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوڑے کو تلف کرنے کے لئے انسنریٹر کا استعمال کیا جاتا ہے ‘ کنسنریشن پلانٹ میں آلودہ کوڑے کو سائنسی بنیادں پر انتہائی بلند درجہ حرارت پر چلایا جاتا ہے جس سے دھواں پیدا ہوتا ہے اور اس دھوئیں سے توانائی پیدا کی جاتی ہے اس طرح کچرے کو بطور ایندھن استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ میٹنگ میں پلانٹ کی تنصیب پر ہونے والے اخراجات پر بھی غور کیا گیا۔ بعد ازاں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔