قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ سٹیج، کے آر ایل کی ٹیم واپڈا کے خلاف 110 اور لاہور بلیوز ایس این جی پی ایل کے خلاف 122رنز پر ڈھیر

منگل 13 نومبر 2018 23:21

قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ سٹیج، کے آر ایل کی ٹیم واپڈا کے خلاف 110 اور ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے میں کے آر ایل کی ٹیم واپڈا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، زاہد منصور نے 4 وکٹیں حاصل کیں، پشاور نے کراچی وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا لئے، اسرار اللہ اور اکبر بادشاہ نے نصف سنچریاں بنائیں، ایس ایس جی سی ایل کی ٹیم حبیب بنک کے خلاف پہلی اننگز میں 211 رنز بنا سکی، خرم شہزاد نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، لاہور بلیوز کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف 122 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے کے سلسلے میں سٹیٹ بنک گرائونڈ میں شروع ہونے والے میچ میں کے آر ایل کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 110 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، نیئر عباس 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، واپڈا کی جانب سے زاہد منصور نے 4 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

واپڈا نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا لئے، کامران اکمل 48 اور زاہد منصور 45 رنز کے ساتھ وکٹ پر وجود ہیں۔

سائوتھ اینڈ میں شروع ہونے والے میچ میں پشاور ریجن نے اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا لئے، اسرار اللہ نے 80 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اکبر بادشاہ 77 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، کراچی وائٹس کی جانب سے فراز احمد نے تین اور محمد سمیع نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یو بی ایل گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں ایس ایس جی سی ایل کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، عامر یامین نے 80 اور سیف اللہ بنگش نے 48 رنز بنائے۔

حبیب بنک کی طرف سے خرم شہزاد نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، عبدالرحمان نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حبیب بنک نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا لئے۔ این بی پی سٹیڈیم میں جاری میچ میں لاہور بلیوز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 122 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جہانگیر مرزا 38 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ عمران خالد نے چار اور افتخار احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایس این جی پی ایل نے کھیل کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا لئے۔ افتخار احمد 77 اور مصباح الحق 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔