پاکستانی عوام دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں، چیف جسٹس کی طرف سے دیامیربھاشا اور مہمندڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں ، نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے اجلاس میں قرارداد منظور

منگل 13 نومبر 2018 23:40

لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) پاکستانی عوام دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے تمام فرقہ وارانہ، مسلکی‘ لسانی اور گروہی اختلافات بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہوجائیں، عوام کفایت شعاری کو اپنا شعار بنائیں، چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے دیامیربھاشا اور مہمندڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے پُرزور مطالبہ ہے کہ وہ دیگر آبی ذخائر بالخصوص کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا بھی آغاز کرے تاکہ عوام کو سستی بجلی میسر آ سکے، قومی امنگوں کی ترجمانی کرتی یہ قراردادیں نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی جنرل کونسل کے گیارہویں سالانہ اجلاس کے دوران شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیں، ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان، لاہور میں منعقدہ اس اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی،ایک قرارداد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں کی شہادت اور اربوں ڈالر کے مالی نقصان کے باوجود امریکہ کی طرف سے ’’ڈو مور‘‘ کی تکرار پر اظہارِ ناپسندیدگی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ خود انحصاری اور خود کفالت کی راہ اختیار کرے تاکہ امریکہ سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک ہمیں ڈکٹیشن دینے کی جرأت نہ کرسکے، ایک قرارداد میں خواتین اور بچوں کے خلاف روز افزوں جنسی جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس رجحان کی روک تھام کیلئے ان واقعات میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائے، ایک قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری مظاہرین پر بھارتی فوج کی طرف سے پیلٹ گنوں کے استعمال نیز اندھا دھند فائرنگ کرکے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وادئ کشمیر میں استصواب رائے کرانے اور کشمیری عوام کا حق خود ارادیت تسلیم کرنے پر مجبور کرے،ایک قرارداد میں وطن عزیز میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی سر،لندی کی خاطر تمام سٹیک ہولڈرز کو باور کرایا گیا کہ امریکہ اور بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحانہ ڈپلومیسی کے پیش نظر ہم کسی بھی سطح پر عدم استحکام کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے‘ لہٰذا تمام قومی ادارے باہم مل جل کر مسائل کا حل تلاش کریں۔

(جاری ہے)

ایک قرارداد کے ذریعے اجلاس کے شرکاء نے ملک پر بیرونی و اندرونی،قرضوں کے دن بدن بڑھتے بوجھ کے تناظر میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان قرضوں سے نجات کیلئے جامع منصوبہ بندی کرے۔ قرارداد میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کفایت شعاری کو اپنا شعار بنالیں، شرکائے اجلاس نے وطن عزیز کی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی اقتصادی خوش حالی کے منصوبے ’’چین پاکستان اقتصادی راہداری‘‘ کو پایہٴ تکمیل تک پہنچانے کیلئے یک زبان اور یکجان ہوجائیں، ایک قرارداد میں بھارت کی طرف سے پاکستانی دریائوں پر ڈیمز کی تعمیر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس خدشے کا ظہار کیا گیا کہ اگربھارت کی اس آبی جارحیت کی روک تھام نہ کی گئی تو مستقبل قریب میں پاکستان کی زراعت پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، ایک قرارداد میں افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی سرزمین پرموجود دہشتگردی کے تربیتی کیمپوں کو فوری طور پر ختم کرے، ایک قرارداد میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور دیگر دشمن ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو ہوا دے کر اسے عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی، ایک قرارداد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار یک جہتی کیا گیا اور مادرِ وطن کے استحکام کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو پاکستانی قوم کے محسن قرار دیا گیا، ایک قرارداد میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ معاشرے میں فرقہ واریت‘ صوبائیت اور لسانیت کو فروغ دینے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں، ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم اور نصابِ تعلیم رائج کیا جائے تاکہ عوام کے مختلف طبقات کے مابین پائی جانے والی خلیج مزید وسیع نہ ہونے پائے، نیز نصاب تعلیم میں ہر سطح پر نظریہٴ پاکستان اور مشاہیر تحریک پاکستان کی حیات و خدمات کو سمو دیاجائے تاکہ طلبہ اپنے قابل فخر اسلاف اور شاندار ماضی سے آگاہ ہوسکیں، ایک قرار داد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عمومی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کی ترقی اور فروغ کی طرف بھی توجہ دی جائے تاکہ ہنر مند نوجوانوں کی ایک پوری کھیپ تیار ہوسکے جو وطن عزیز کی صنعتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چونکہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو دنیا بھر میں وقوع پذیر ہونیوالی موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں‘ لہٰذا ان موسمیاتی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹھوس پالیسی بنائی جائے اور وطن عزیز میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرنے کی خاطر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں، قرارداد میں حکومت کی طرف سے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ مہم کو سراہا گیا، ایک قرارداد میں خواتین پر گھریلو تشدد کے واقعات اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ان گھنائونے واقعات میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنا دیاجائے، اجلاس کے شرکاء نے ایک قرارداد میں عوام کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور اس مقصد کیلئے عدالتی نظام میں ضروری اصلاحات متعارف کرانے پر زور دیا،ایک قرارداد میں امریکہ اور بھارت کی طرف سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF)کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنیوالے ممالک کی گرے لسٹ میں شامل کرانے پر اظہار تشویش کیا گیا اور امریکہ اور بھارت کے پاکستان کے خلاف اس غیر اعلانیہ اتحاد کی شدید مذمت کی گئی، ایک قرارداد میں لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیاگیا اور اقوام عالم سے اپیل کی گئی کہ وہ اس سلسلے کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،ایک قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے دیہی خواتین جو 60فیصد دیہات کا کام کر رہی ہیں ان کو Recognizeکیا جائے اور ان کو بھی لیبر تسلیم کر کے تمام سہولیات دی جائیں۔