ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہو گیا، شہریوں نے سی این جی سٹیشن بند کرنے کا مطالبہ کر دیا

منگل 13 نومبر 2018 23:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) موسم سرما شروع ہوتے ہی ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہو گیا۔ شہریوں نے مارچ تک سی این جی سٹیشن بند رکھنے کا مطالبہ کر دیا۔ اس ضمن میں ایبٹ آباد کے شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی شہر کے نواحی علاقوں شیخ البانڈی، جھنگی، لمبا میرا، کاکول، میرپور، بانڈہ جات میں گیس کا پریشر انتہائی کم کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے لکڑی کے ٹالوں کا رخ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

شدید سردی میں گیس کا پریشر کم ہونے سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، گھروں میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین شدید سردی میں ٹھٹھر رہی ہیں جبکہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے گھروں میں کھانا پکانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ایبٹ آباد کے شہریوں نے سوئی ناردرن گیس کے حکام اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ بھر میں تمام سی این جی سٹیشن مارچ تک بند کئے جائیں کیونکہ شدید سردی میں گھریلو صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں اور قانون کے مطابق گیس کا پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے، اس کے بعد گیس سٹیشنوں کا نمبر آتا ہے۔