پاکستانی ہنر مندوں کو ویزہ اجراء کے عمل میں آسانی و سہولت کے حوالے سے قطری ویزہ سپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیوٹیک سے ملاقات

نیوٹیک قطری جاب مارکیٹ خصوصاً فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہزاروں ہنر مند تیار کر رہا ہے، تین لاکھ ہنر مند نوجوانوں کا ڈیٹا ویزا سینٹرز سے شئیر کریں گے، ڈاکٹر ناصر خان قطری حکومت پاکستانیوں کے لئے ہر قسم کے ویزا خصوصًًا ورک ویزا میں آسانی کے لئے دسمبر کے آغاز میں اسلام آباد اور کراچی میں ویزا سپورٹ سینٹر قائم کر دے گی، سربراہ قطری وفد عبداللہ خلیفہ الحمنادی

منگل 13 نومبر 2018 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) پاکستانی ہنر مندوں کو قطر میں ملازمت کے لئے ویزہ جاری کرنے کے عمل میں آسانی و سہولت کے حوالے سے قطری ویزہ سپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الحمنادی کی قیادت میں پانچ رُکنی وفد نے نیوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان سے ملاقات کی۔ منگل کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں ڈاکٹر ناصر خان نے وفد کو نیوٹیک کی کارکردگی اور حالیہ کی جانے والی اصلاحات و اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ نیوٹیک قطری جاب مارکیٹ خصوصاً فیفا ورلڈ کپ 2020 کے حوالے سے قطر کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہزاروں ہنر مند تیار کر رہا ہے۔ اُنہوں نے قطری حکومت کا ایک لاکھ پاکستانی ہنر مندوں کو ویزا جاری کرنے کے حوالے سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی نوجوانوں کی بین الاقوامی ماکیٹ میں ملازمت کے لئے مزید دروازے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے قطری حکومت کے پاکستان میں ویزا سینٹرز کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور اس سلسلے میں نیوٹیک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اُنہوں نے کہا کہ نیوٹیک اپنی جاب پورٹل میں موجود تین لاکھ ہنر مند نوجوانوں کا ڈیٹا ان ویزا سینٹرز سے شئیر کرے گا جس سے ان کی قطری جاب مارکیٹ میں کھپت کے مواقع میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ ڈائریکٹر عبد اللہ نے بتایا کہ قطری حکومت پاکستانیوں کے لئے ہر قسم کے ویزا خصوصًًا ورک ویزا میں آسانی کے لئے دسمبر کے آغاز میں اسلام آباد اور کراچی میں ویزا سپورٹ سینٹر قائم کر دے گی۔

اُنہوں نے پاکستانی ہنر مندوں کی قابلیت و ذہانت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سینٹرز کی بدولت پاکستانی ہنر مندوں کو قطر میں ملازمت حاصل کرنے میں بہت آسانی ہوگی۔