Live Updates

عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، گورنر پنجاب

بدھ 14 نومبر 2018 00:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام پالیسیوں کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے اور اس ضمن میں تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی امور کو درست سمت میں گامزن کیا گیا ہے اور ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ مثبت نتائج بھی جلد برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد احمد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بھرپور تیاری کے ساتھ سینٹ انتخابات میں حصہ لے گی اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کی کارکردگی سے خوش ہیں اور مختصر مدت میں تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں جن کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ایوانوں میں گورننس کا انداز بدلا گیا ہے، فیصلے میرٹ پر ہو رہے ہیں، حکمرانوں کی شہ خرچیوں کی روایات کو دفن کر دیا گیا ہے اور سادگی پر مبنی کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جن سے عوام کا اعتماد حکومتی اداروں پر مستحکم ہوا ہے اور ان تاریخی اقدامات کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف نے مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور چیلنجز بھی بے شمار ہیں مگر ہم نے عوام کی فلاح کا عزم کر رکھا ہے اور اپنے ٹارگٹ کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے اور ان ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ بلا تاخیر حکومتی مشینری عوام کے مسائل کے حل کے لئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں منصوبہ تیارکر لیا گیا ہے اور جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی کو فروغ دیا ہے اور اعلی حکومتی ایوانوں کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے تاکہ عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلے کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب اندازہ ہونا چاہیے کہ اب عوام کے حقیقی نمائندے اقتدار کے ایوانوں میں آ چکے ہیں اور اب عوام کے مسائل حل ہوں گے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو درست کرنے اور مسائل کو حل کرنے کے لئے سخت فیصلے بھی کرنے پڑے ہیں مگر کوشش کی گئی ہے کہ عوام متاثر نہ ہوں اور ان فیصلوں کے نتائج بھی جلد آنا شروع ہو جائیں گے اور عوام کو مستقل بنیادوں پر جامع ریلبیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام عوامی نمائندوں نے خود کو دن رات عوام کے لئے وقف کر دیا ہے اور بغیر کسی چھٹی کے مسلسل کام کر رہے ہیں اور اس محنت کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات