Live Updates

سابق حکومت قومی معیشت کی تباہی و بربادی کے ذمہ دار ہے، علی محمد خان

بدھ 14 نومبر 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت اور اس کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی معیشت کی تباہی و بربادی کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت مثبت اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب اور چین کے شاندار دورے موجودہ حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے دھرنہ دینے والوں کے ساتھ مذاکرات کیے اور دھرنے کو پرامن طریقے سے ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دھرنوں اور مظاہروں کے دوران عوام کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے 100 روز پورے ہونے کے بعد اس دوران کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے عوام اور میڈیا کو بریف کیا جائے گا۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بہتر طرز حکمرانی اور قومی اداروں کی مضبوطی کے لیے وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر عمل کر رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات