جاپان اور امریکا کے درمیان شمالی کوریا کے معاملے پر تعاون کیلئے اتفاق

بدھ 14 نومبر 2018 10:40

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) جاپانی وزیراعظم شنزو ابے اور امریکی نائب صدر مائیک پینس نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل پاک کرنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو میں ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے شمالی کوریا کے معاملے پر متفق ہیں۔

شنزوابے نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے مکمل پاک کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان اور امریکا نے شمالی کوریا سے متعلق مسائل اور خاص کر شمالی کوریا کے ہاتھوں جاپانی شہریوں کے اغوا کے معاملے کے تصفیے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی نائب صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے حتمی اور مکمل قابلِ تصدیق انداز میں خاتمے کے لیے اقتصادی پابندیاں برقرار رہیں گی۔

پینس نے جاپان کے ساتھ تجارت میں عدم توازن کے معاملے پر کہا کہ باہمی تجارتی مذاکرات شروع کرنے کے بارے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم کے درمیان اتفاقِ رائے کا امریکی عوام خیر مقدم کرتی ہے۔شنزوابے نے کہا کہ منصفانہ ضوابط کی بنیاد پر بحرالکاہل اور بحرالہند خطے میں معاشی ترقی کے حصول کے لیے دونوں ممالک کام کریں گے جہاں آزادی سے اور بلاروک ٹوک نقل و حمل کی جا سکے۔