بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر موضوع بحث

ایشا امبانی کی شادی کے ایک کارڈ کی مالیت 5 لاکھ روپے ہے، کارڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 نومبر 2018 12:32

بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا ..
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2018ء) : بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی کے شادی کے کارڈ نے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر لی ہے۔ ایشا امبانی کی شادی کے ایک کارڈ کی مالیت 5 لاکھ روپے ہے ، شادی کے خوبصورت دعوت نامے مہمانوں کو بھجوانے کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی شعبہ توانائی سے وابستہ ہیں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی رواں سال 12 دسمبر کو بھارتی شہر اُدے پور میں منعقد ہوگی، جس میں شرکت کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے بھجوانے کا آغاز کر دیا گیا ہے لیکن ایشا امبانی کی شادی کے کارڈ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس کو دیکھ کر ہر سوشل میڈیا صارف دنگ رہ گیا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایشا امبانی کی شادی کا دعوت نامہ عام دعوت ناموں جیسا ہرگز نہیں ہے بلکہ اسے ایک خوبصورت ڈبے میں پیک کیا گیا جس کے کئی حصے ہیں۔

(جاری ہے)

اس باکس کو کھولنے میں 5 منٹ سے زیادہ وقت لگا۔ باکس کھولتے ہی سب سے اُوپر ڈائری نُما دعوت نامہ موجود ہے جس کے 5 سے زیادہ صفحات ہیں ، ان صفحات پر شادی کی تقریبات کی تفصیلات درج ہیں۔

اسی ڈائری نُما دعوت نامے میں ایشا امبانی اور ان کے منگیتر آنند پیرامل نے اپنی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے ایک خط بھی لکھا۔ ڈائری کے نیچے 4 چھوٹے چھوٹے ڈبے ہیں جنہیں سونے سے تیار کیا گیا ہے۔ ان ڈبوں میں مہمانوں کے لیے سونے کی مالائیں موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشا امبانی کی شادی کے دعوت نامے کی مالیت 3 لاکھ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 5 لاکھ بنتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس کارڈ کی ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

 سوشل میڈیا پر ایشا امبانی کے کارڈ کی ویڈیو نے جہاں کئی صارفین کو حیران کر دیا وہیں مکیش امبانی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر ناقدین نے کہا کہ مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کے ایک کارڈ کی مالیت کئی غریب افراد کی مکمل شادی کی لاگت کے برابر ہے۔ بھارت میں بڑے پیمانے پر غربت ہے ، ایسے میں مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کا کارڈ لوگوں کو احساس کمتری میں مبتلا کر رہا ہے۔ جبکہ کچھ لوگوں نے تمسخرانہ انداز میں کہا کہ کارڈ میں موجود تحائف اور سونے کی مالاؤں تک تو ٹھیک ہے لیکن سوچنے والی بات ہے کہ اتنا لمبا کارڈ کون پڑھے گا۔

واضح رہے کہ ایشا امبانی مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مکیش امبانی اپنی بیٹی کی شادی دھوم دھام سے کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشا امبانی کی آنند پیرامل کے ساتھ منگنی کی تقریب رواں سال اکتوبر میں اٹلی میں کومو نامی خوبصورت جھیل کے کنارے منعقد کی گئی۔
جس میں امریکی موسیقار جان لیجنڈ اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے پرفارم کیا اور بالی وڈ کئی معروف ستاروں نے منگنی کی تقریب میں شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دئے۔