پی ایس ایل ٹائٹل سپانسر شپ، خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی

تین گنا زائد رقم پر معاہدہ، 14.30 ملین ڈالر ملیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 نومبر 2018 13:01

پی ایس ایل ٹائٹل سپانسر شپ، خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14نومبر2018ء) پی ایس ایل کے خزانے میں اب ڈالرز کی برسات ہو گی جبکہ پی سی بی نے تین گنا زائد رقم پر ٹائٹل سپانسر شپ کا معاہدہ کر لیا۔پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور آئندہ چند روز میںپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) باقاعدہ اعلان کر دے گا،حبیب بینک لمیٹڈ( ایچ بی ایل) نے ابتدائی ایڈیشنز کےلئے تقریباً 5.2 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ کیا تھا، اب چونکہ لیگ کامیابی سے ہمکنار ہو چکی ہے لہذا پی سی بی نے ایک معروف کمپنی سے ٹائٹل سپانسر شپ کی ویلیو لگوائی۔

ابتدا میں 15 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا گیا تاہم بینک نے کہاکہ وہ 105 روپے فی ڈالر کے حساب سے ہی ادائیگی کرےگا، بورڈ نے یہ بات مان لی یوں تقریباً 14.30 ملین ڈالر کے کنٹریکٹ پر اتفاق ہوگیا ہے، یہ سابقہ معاہدے سے تقریباً تین گنا زائد رقم ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے جانے سے پی ایس ایل پر اثر پڑےگا اور کرکٹ بورڈ کو کنٹریکٹس کے اچھے پیسے نہیں مل سکیں گے البتہ احسان مانی نے پہلا امتحان بااحسن انداز میں پاس کر لیا ہے، اب براڈکاسٹ رائٹس کا مرحلہ باقی ہے اور بورڈ کو اس سے بھی بھاری رقم ملنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ برس 14 فروری کو شروع ہوگا، ایونٹ کے 8 میچز پاکستان اور باقی یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔اگلے برس 14 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا ڈرافت 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس کےلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت 663 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ڈرافٹ میں پلاٹینم ، ڈائمنڈ ، گولڈ ، سلور اور ایمرجنگ کی کٹگریز شامل ہیں۔

پلاٹینم کیٹگری میں ابراہام ڈی ویلیئرز، سٹیو سمتھ،کیرون پولارڈ، کرس لائن، سنیل نارائن ، لیوک رونچی، تھیسارا پریرا، کورے اینڈرسن، شین واٹسن اور ڈووین براوو جیسے نامور کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ آئندہ سیزن کے ڈرافٹ میں تمام فرنچائزز کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گزشتہ سیزن کے دس کھلاڑیوں کو اپنے سکواڈ میں برقرار رکھ سکتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے ریٹینشن ونڈو کی آخری تاریخ 13 نومبر ہو گی۔

واضح رہے کہ آئندہ سیزن کیلئے چند کھلاڑیوں کی مختلف ٹیموں میں ٹریڈ ہو چکی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے سپنر سنیل نارائن اور پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل شامل ہیں جو لاہور قلندرز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جاچکے ہیں، یہ ٹریڈ ونڈو آج بند ہو جائےگی۔ ہر سکواڈ میں سولہ کھلاڑی رکھے جا سکتے ہیں جس میں3 ،3کھلاڑی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور5سلور جبکہ دو ایمرجنگ پلیئرز شامل ہیں۔