Live Updates

تبدیلی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے

وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈی جی خان آمد متوقع، رہائش گاہ کے آس پاس کی دکانیں 5 دن کے لیے بند کروا دی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 نومبر 2018 13:10

تبدیلی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے شروع سے ہی اپنا بیانیہ پروٹوکول اور اضافی سکیورٹی کے خلاف رکھا اور گذشتہ دور کے کئی حکمرانوں کو اضافی پروٹوکول اور سکیورٹی لینے پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حکمرانوں نے بھی پروٹوکول لینے اور شہریوں کو پریشان کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ڈی جی خان آمد کے پیش نظر ان کی رہائش گاہ کے آس پاس کی دکانوں کو 5 روز تک بند کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ڈیرہ غازی خان آمد متوقع ہے جس کے پیش نظر ان کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ان کی رہائش گاہ کے آس پاس موجود دکانوں کو 5 دنوں تک بند کروادیاگیا ہے اور واضح ہدایات کی گئی ہیں کہ 5 دن تک کوئی دکان نہیں کھُلے گی ۔

(جاری ہے)

یہ خبر منظر عام پر آتے ہی ناقدین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ہی پروٹوکول نہ لینے اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا ، عمران خان خود تو اس پالیسی پر عملدرآمد کرتے نظر آتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کی اس پالیسی پر پانی پھیر دیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد سے ہی پنجاب حکومت کو کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کبھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سکیورٹی اور پروٹوکول کو مسئلہ بنا لیا جاتا ہے تو کبھی ان پر تنقید شروع کر دی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ عثمان بزدار تو پڑھے لکھے ہی نہیں ہیں۔ تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈی جی خان آمد کے پیش نظر دکانوں کو بند کروانا قابل مذمت امر قرار دیا گیا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ دکانیں بند ہونے کی وجہ سے مالکان کو نقصان اُٹھاا پڑے گا جوو کہ افسوسناک ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات