کراچی ،ْ مبینہ مضر صحت کھانے سے دو بچوں کی موت، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج

دونوں بچوں کے جسم سے خون، کپڑوں اور اعضاء کے چھ نمونے حاصل کرلئے گئے

بدھ 14 نومبر 2018 14:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) ڈیفنس کے علاقے میں ریسٹورینٹ سے کھانا کھانے کے بعد پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کے والد نے مقدمہ درج کرادیا میڈیا رپورٹ کے مطابق مقدمہ ساحل تھانے میں بچوں کے والد احسن کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں دفعات 322 یعنی قتل بالسبب اور 272 یعنی زہر خورانی شامل ہیں۔ایف آئی ار میں بچوں کے والد کے مطابق اس کے بھائی سبحان نے بچوں اور ان کی والدہ کی طبیعت خراب ہونے اور احمد کے انتقال کا بتایا جس پر وہ لاہور سے کراچی آیا۔

ایف آئی آر میں بچوں کے والد نے کہا کہ اس کی اہلیہ کے مطابق وہ بچوں کو پانچ بجے ایمیوزمینٹ پارک لے کر گئی جہاں فوڈ اسٹال سے کینڈی اور چپس کھائے تھے جس کے بعد گیارہ بجے ڈیفنس کی ذمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورینٹ سے کھا نا کھایا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیوی کا کہنا ہے اتوار کے دن دو بجے بچوں اور ان کی طبیعت خراب ہوئی جس پر بھائی سبحان بچوں اور عائشہ کو لے کر ہسپتال پہنچے۔

پولیس حکام کے مطابق بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، کیمیکل کے نمونے مقامی لیبارٹریز اور لاہور میں پنجاب فارنسک سائنس ایجنسی بھیجے گئے ہیں، کیمیکل رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی پولیس رپورٹ تیار ہوگی۔جناح ہسپتال کے ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر شیراز کے مطابق مضر صحت کھانا کھاکر انتقال کر جانے والے بچوں کی میڈیکو لیگل رپورٹ مکمل کر کے پولیس حکام کے حوالے کردی گئی ہے۔میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق دونوں بچوں کے جسم سے خون، کپڑوں اور اعضاء کے چھ نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ایڈیشنل پولیس سرجن کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کے ناخن نیلے پڑ چکے تھے جن کی وجہ زہر خورانی اور بیماری بھی ہوسکتی ہے۔