جدہ: چار روز سعودی فوڈ ایکسپو 2018ء کا آغاز ہو گیا

غذائی مصنوعات کی اس نمائش میں 9 پاکستانی کمپنیاں بھی شریک ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 نومبر 2018 13:20

جدہ: چار روز سعودی فوڈ ایکسپو 2018ء کا آغاز ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 نومبر2018) 12 نومبر 2018ء کو بین الاقوامی نمائش سنٹر میں شروع ہونے والی سعودی فوڈ ایکسپو کو بہت زیادہ پذیرائی مِل رہی ہے۔ اس نمائش کا انعقاد سعودی چیمبر آف کامرس میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن نواف بن عبدالعزیز السعود کی جانب سے کیا گیا۔ اس نمائش میں مجموعی طور پر دُنیا کے 32 ممالک کی کمپنیوں نے اپنی غذائی مصنوعات کے سٹالز لگائے ہیں۔

جن میں پاکستان کی 9 نمایاں فوڈ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ یہ نمائش 15 نومبر 2018ء تک جاری رہے گی۔ پاکستانی فوڈ پراڈکٹس کی نمائش کے لیے پاکستانی قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن نے بھرپور تعاون کیا۔ فوڈ ایکسپو میں پاکستانی قونصلیٹ میں تعینات کمرشل قونصلر شہزاد احمد خان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اُنہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے بہت گہرے اور برادرانہ رہے ہیں۔

دونوں ممالک میں باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے پاکستانی قونصلیٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس نمائش میں شامل پاکستانی کمپنیاں بہترین شہرت کی حامل ہیں جن کی جانب سے تیار کردہ مشروبات، بیکری اور دیگر غذائی مصنوعات دُنیا بھر میں سراہی جاتی ہیں اور ان کی بیرونِ مُلک بڑی مانگ ہے۔ اس کے علاوہ چاول، پھل، سبزیوں سے جُڑی اچھی شہرت کی حامل کمپنیوں نے بھی اس نمائش میں اپنے سٹالز لگا رکھے ہیں۔

اس نمائش کے انعقاد سے مملکت میں غذائی اشیاء کی روز بروز بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث پاکستانی کمپنیوں کو یہاں کی مارکیٹ میں اپنا مقام بنانے کا شاندار موقع میسر آیا ہے۔ سعودی عرب میں غیر مُلکی اشیاء کی بڑی مانگ ہے، ہر سال 25 ارب ڈالر سے زائد کی خوراک اور مشروبات درآمد کیے جاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ سالانہ ایک کروڑ سے زائد افراد کا حج اور عمرہ کی غرض سے یہاں کا رُخ کرنا ہے۔ اس نمائش کے دوران دُنیا کے ممتاز شیفس کے درمیان بہترین کھانوں کی تیاری کا مقابلہ بھی منعقد کروایا گیا ہے جس میں ڈیڑھ سو سے زائد شیفس اپنی پکوائی کا لوہا منوانے کا غرض سے شرکت کر رہے ہیں۔