علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت کتب کی ترسیل کا عمل تیز کر دیا ہے، ڈاکٹر امجد علی

بدھ 14 نومبر 2018 14:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایت پر یونیورسٹی انتظامیہ نے سمسٹر خزاں 2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخل لاکھوں طلبہ و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت کتب کی ترسیل کا عمل تیز کردیا ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ ترسیل کتب کے انچارج ڈاکٹر امجد علی نے بتایا کہ میلنگ سیکشن کی جانب سے اب تک میٹرک کے 50 ہزار، ایف اے پروگرام کے 70 ہزار اور بی اے پروگرام کے ایک لاکھ طلبہ کو کتب اور درسی مواد ارسال کی جاچکی ہیں۔

ڈیڑھ سالہ بی ایڈ پروگرام کے طلبہ کو کتب کی ترسیل (آج) جمعرات سے شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کتابوں کی ترسیل کا عمل بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ داخل تمام طلبہ و طالبات کو درسی مواد کی ترسیل کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں ہوم اسائنمنٹس لکھنے اور امتحانات کی تیاری کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت مل سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یونیورسٹی نے طلبہ کے ساتھ تیز تر رابطے کے لئے حال ہی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کررکھا ہے ۔میلنگ سیکشن سے کتابیں بھجوانے کے فوراً بعد طلبہ کو فوری طور پر ایس ایم ایس کیا جاتا ہے کہ آپ کی کتابیں ارسال کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے ’’کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام‘‘ بھی شروع کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کراچکی ہے۔داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ارسال کی جانے والی درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے درسی کتابوں کی ترسیل میںتاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ یونیورسٹی کی ہیلپ لائن کے فون نمبر 051-111-112-468 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں طلبہ ای میل ایڈریس [email protected] پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔