آسیہ بی بی کی پوپ فرانسس سے ملاقات کی تصاویر وائرل، حکومت کے خلاف پراپیگنڈے کا آغاز

معروف صحافی نے آسیہ بی بی کے حوالے سے حکومت مخالف پراپیگنڈے کا جواب دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 نومبر 2018 14:37

آسیہ بی بی کی پوپ فرانسس سے ملاقات کی تصاویر وائرل، حکومت کے خلاف پراپیگنڈے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ کہا جارہا ہے کہ آسیہ بی بی کو بیرون ملک منتقل کر دیا گیا ہے اور بیرون ملک منتقلی کے بعد آسیہ بی بی اور ان کے اہل خانہ نے پوپ فرانسس سے ملاقات کی جس کی تصاویر اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

انہوں نے پروگرام کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیو دکھائی اور کہاکہ پوپ فرانسس سے ملنے والی بچی آسیہ بی بی کی صاحبزادی ہے۔ چوہدری غلام حسین نے کہا کہ یہ سب ایک پراپیگنڈے کے تحت کیا جا رہا ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے یہ پراپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ہو چکی ہیں اور پوپ فرانسس سے آسیہ بی بی کے اہل خانہ کی ملاقات کی تصویر کو بطور ثبوت پیش کیا جارہا ہے حالانکہ یہ تصاویر اور ویڈیو اب کی نہیں بلکہ اپریل 2015ء کی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آسیہ بی بی کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے شروع ہو گئے جس کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گئی۔ حکومت نے دھرنا قائدین سے مذاکرات کر کے احتجاجی مظاہرے تو ختم کروادئے لیکن آسیہ بی بی کی جان کو تاحال خطرہ ہے جس کے پیش نظر اب آسیہ بی بی کے شوہر عاشق مسیح نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مدد کی اپیل کی ہے اور درخواست کی کہ انہیں سیاسی پناہ دی جائے۔ آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا جس کے بعد ان کے بیرون ملک جانے کی خبریں گردش کرنے لگیں، تاہم حکومت نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہی موجود ہیں۔