شارجہ کے ایک گھر میں آگ بھڑک اُٹھی، دو افراد ہلاک

پولیس کے مطابق مرنے والوں کی ہلاکت دم گھُٹنے سے ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 نومبر 2018 15:21

شارجہ کے ایک گھر میں آگ بھڑک اُٹھی، دو افراد ہلاک
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 نومبر2018) شارجہ میں ایک جان لیوا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد زندگی سے محروم ہو گئے ، جبکہ تین افراد بُری طرح زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شارجہ مایا سیلون کے علاقے میں شام کے وقت اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ یہاں تک کہ آگ ساتھ والے گھر تک بھی پھیل گئی۔

اس ہولناک آگ کے نتیجے میں مکان میں محصور دو افراد دم گھُٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ باقی افراد اپنی جان بچا کر گھروں سے نکل آئے۔ شارجہ سول ڈیفنس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشنز روم کو آتشزدگی کے بارے میں اطلاع مِلی جس پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ بُجھانے والا عملہ اور ریسکیو یونٹس جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

پانچ منٹ کے اندر عملہ جب آتش زدگی والے مقام پر پہنچا تو آگ کے شعلے بے قابو ہو کر ساتھ والے گھر کو بھی جزوی طور پر اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے۔

تین افراد مکان میں دُھواں بھر جانے کے باعث آکسیجن کی کمی کا شکار ہو کر دم توڑ گئے، جبکہ ایک ایشیائی خاتون اور اُس کا بچہ بُری طرح جھُلس گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں ایک معمر خاتون بھی زخمی ہوئی، جس کی حالت ہسپتال میں نازک بتائی جاتی ہے۔ سمان اور ال مِنیٰ کے فائر فائٹر عملے نے مِل کر اس بڑھتی ہوئی آگ پر قابو کیا۔

ایک عہدے دار کا کہنا تھا کہ اس مکان میں تیس سے زائد غیر مُلکی مقیم تھے۔ اصل کرایہ دار نے مالک مکان کے علم میں لائے بغیر اس گھر میں درجنوں افراد کو غیر قانونی طور پر رہائش فراہم کر رکھی تھی۔ کرایہ دار ان افراد سے کرایہ وصول کر کے مکان مالک کو پہنچاتا تھا۔ مالک مکان نے کرایہ دار کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔