ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں کینسر سمیت کوئی سہولت ختم نہیں کی جا رہی ہے

ہسپتال میں نئے شعبہ جات کے قیام سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، ہسپتال ڈائریکٹر اطہر لودھی

بدھ 14 نومبر 2018 15:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں کینسر سمیت کوئی سہولت ختم نہیں کی جا رہی ہے، کینسر وارڈ کو پہلے سے بہتر کر کے وہاں مزید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، کینسر وارڈ ختم کرنے سے متعلق چھپنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، عوام کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے نئے وارڈز اور آپریشن تھیٹرز سمیت نئے شعبہ جات کھولے جا رہے ہیں، عوام گمراہ کن افواہوں پر ہرگز کان نہ دھریں۔

ان خیالات کا اظہار ہسپتال ڈائریکٹر اطہر لودھی اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب نے بدھ کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ پروفیسر انکالوجی کی آسامی مشتہر کی جا چکی ہے، اس کے علاوہ کینسر کے مریضوں کو مزید بہتر علاج کی فراہمی کیلئے ملحقہ اینور ہسپتال انتظامیہ سے مدد لئے جانے کیلئے کوششیں بھی جاری ہیں، ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کیلئے وارڈ ختم کرنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، سرطان کے وارڈ کو بہتر بنا کر وہاں مزید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، اس کے علاوہ ہسپتال میں مزید وارڈز اور آپریشن تھیٹرز کو فعال کیا جا رہا ہے جس سے یہاں آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں نئے شعبہ جات کے قیام سے مریضوں کو دیگر شہروں میں جانے کی بجائے یہی پر علاج معالجہ کی سہولیات میسر ہوں گی، ہم وارڈز ختم کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، ایوب ٹیچنگ ہسپتال صوبہ کا ایک بڑا ہسپتال ہے، اس ہسپتال میں ہزاروں کی تعداد میں مریض علاج معالجہ کیلئے ہزارہ ڈویژن کے مختلف حصوں سے آتے ہیں، ہزارہ ڈویژن میں دوسرا بڑا ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے ایوب میڈیکل کمپلیکس پر مریضوں کا بہت بوجھ بھی ہوتا ہے جسے بہتر حکمت عملی کے ذریعہ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :