مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے سرینگر میں خاتون اور اسکے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا

بدھ 14 نومبر 2018 15:57

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر میں تلاشی کی کارروائیوںکے دوران ایک خاتون اور اسکے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آسیہ جان نامی خاتون کو سرینگر لاوے پورہ میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفر کر رہی تھی۔پولیس نے خاتون کی گاڑی بھی ضبط لر لی۔

(جاری ہے)

خاتون کے دو بھائیوں کو سرینگر کے مضافاتی علاقے کھنہ موہ گنائی محلہ میں انکے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیاگیا۔ ا یس ایس پی سرینگر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں دعویٰ کیا ہے گرفتار کی جانے والی خاتون عسکریت پسندوں کی کارندہ ہے ۔ دریں اثنابھارتی فوج کی 42راشٹریہ رائفلزاور سینٹرل ریزرو پویس فورس نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی عمل میں لائی جس کے باعث لوگوںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔